Fresh raw wheat seeds and ear of ripe wheat on a black background conceptual of a staple nutritious grain food and healthy diet or allergy to gluten. Free copy space

کسان بورڈ پاکستان کی گندم کی قیمت کے تعین کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر
 گندم کی قیمت میں کمی کی وجہ سے گزشتہ برس کسانوں کو شدید مالی نقصان ہوا ، سردار ظفر حسین

فیصل آباد( ویب  نیوز)  

کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدر سردار ظفر حسین نے گندم کی قیمت کے تعین کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر دی۔ جسٹس شمس محمودمرزا 12مارچ کو سماعت کریں گے۔ اپنے جاری بیان میں سردار ظفر حسین نے کہا کہ گندم کی قیمت کے تعین نہ ہونے سے کسان سخت پریشان ہیں اس لئے عدالت عالیہ سے گندم کی قیمت تعین کرنے کے حکم جاری کرنے کی استدعاکی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے رواں برس کسانوں نے بہت کم گندم کاشت کی ہے یہی وجہ ہے کہ اس بار گندم کی پیداوار کا ہدف 65 فیصد سے بھی کم رہا ہے۔ حکومت کو دیکھنا چاہیے کہ کسان کی گندم کی پیداواری قیمت پوری ہو بھی رہی ہے یا نہیں، اگر کسان نے گندم، کپاس، چاول سمیت دیگر بڑی فصلوں کوکاشت کرنے سے بھی اجتناب کیاتو ملک میں ایک بڑا غذائی بحران پیداہوگا اور گندم درآمد کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی قیمت میں کمی کی وجہ سے گزشتہ برس کسانوں کو شدید مالی نقصان ہوا ہے کیونکہ گندم کی کاشت کے لیے درکار تمام لوازمات انتہائی مہنگے ہو چکے ہیں جس میں کھاد، بیج، اسپرے، ڈیزل، ٹریکٹر وغیرہ شامل ہے۔جو سپرے کی بوتل 300 روپے میں مل جاتی تھی، اب وہی سپرے کی بوتل 1700 روپے تک پہنچ چکی ہے، جو 2 سال قبل یوریا کھاد 2000 روپے کی بوری تھی، جس کی آج قیمت 5500 روپے تک پہنچ چکی ہے۔اسی طرح ڈیزل 300 روپے پر جا چکا ہے اور جو گندم کی کاشت کے لیے درکار دیگر لوازمات کی قیمتیں 600 فیصد تک بڑھ گئی ہیں، کسان اپنی فصل پر جو پیسہ خرچ کرتا ہے، حکومت نے کسان کو اس کا پورا معاوضہ نہیں دیا، اس پرگندم کی قیمت میں مزید کمی کرتے ہوئے اسے معاشی طور پر تباہ کیا گیا ہے۔