پی ٹی سی ایل کو کمیونیکشن اور سوشل ریسپانسیبلیٹی کی خدمت کیلئے GDIB ایوارڈز میں تسلیم کیا گیا
اسلام آباد (ویب نیوز ) گلوبل ڈائیورسٹی اور انکلوژن بنچ مارک سٹینڈرڈ (GDIB) ایوارڈز 2021 کی طرف سے پاکستا ن ٹیلی کمیونیکشنز کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کو انکلوسیو کمیونیکشن اینڈ سوشل ریسپانسیبلیٹی میں ترقی پسندانہ طریقوں اورشاندار کارکردگی کیلئے تسلیم کرکے ایوارڈ زسے نواز ا گیاہے۔
ملک بھر میں ملازمین اور صارفین کی حامل سب سے بڑی کمپنی ہونے کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل ملازمین اور صارفین کے لئے منتوع خصوصیات اور موثر انداز میں تیار کئے جانے والے مواصلاتی طریقوں کا اعتراف کیا جانا ایک مثالی کارنامہ ہے۔ ای میل بلیٹن، ڈیجیٹل سکرینز، آئی وی اار پیغامات اور ایس ایم ایس الرٹ چند ایسے ذرائع اور طریقے ہیں جسے کمپنی دو طرفہ مواصلات میں سہولت دینے کیلئے منتخب کرتی ہے۔لوگوں کے تاثرات کا اندازہ لگانے کیلئے سروے کئے جاتے ہیں اور بہترین کسٹمر سروس کو یقینی بنانے کیلئے اقداما ت اٹھائے جاتے ہیں۔
مزید برآں، کمپنی کی سماجی ذمہ داری کے طریقوں نے پی ٹی سی ایل کو اپنے ہم عصروں میں ایک منفرد مقام دلایا ہے۔ معذور افراد (پی ڈبلیوڈی) کیلئے ترقی کے مواقع اور صنفی نمائندگی کے تناظر میں تنوع اور شمولیتی کلچر کے فروغ کیلئے کمپنی کے عزم نے کام کی جگہ پر شمولیتی کلچر کو تقویت بخشی ہے۔ رواں سال معذور افراد کیلئے جستجو انٹرشپ پروگرام کے اجرا ء کے ساتھ پی ٹی سی ایل اپنے اس عہد کے ساتھ آگے بڑھنے کا عزم رکھتا ہے۔ ہماری پی ٹی سی ایل رضاکار فورس نے کارپوریٹ ایثارپسندی کی ایک مثال قائم کی ہے اور وہ اب بھی لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید مظہر حسین، گروپ چیف ہیومن ریسورس آفیسر، پی ٹی سی ایل اوریوفون نے کہا”ہمیں گلوبل ڈائیورسٹی اینڈ انکلوژن بینچ مارک (GDIB) کی طرف سے یہ دو اعلیٰ ایوارڈز ملنے پر فخر ہے۔ہم پی ٹی سی ایل کو کام کیلئے ایک جامع جگہ بنانے کیلئے تنوع اور شمولیتی کلچر کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کیلئے بھی بھر پور اقدامات اٹھا رہے ہیں جہاں کام کے مساوی مواقع میسر ہوں۔“
یہ ایوارڈز ان اداروں کی حوصلہ افزائی کیلئے دئیے جاتے ہیں جو پائیدار مالیاتی اور سماجی کارکردگی کیلئے اپنے ادارے کی ادارہ جاتی پالیسیوں کی جی ڈی آئی بی (GDIB) کے معیار کے مطابق تشکیل دیتے ہیں۔ کراچی میں منعقد ہونے والی ایوارڈز تقریب میں تقریباً 30 کمپنیو ں کو مختلف کیٹگریزمیں اعزاز سے نواز ا گیا۔ جی ڈی آئی بی ایوارڈز کی طرف سے اس طرح کا اعتراف کمپنیوں کو تمام افراد کی شمولیت اور متنوع کلچر کے فروغ کیلئے متحرک کرتا ہے۔پی ٹی سی ایل کیلئے یہ اعزازملازمین کے ساتھ ساتھ معاشرے کی فلاح وبہبودکیلئے اس کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔