پی ٹی اے کا جی ٹی روڈ اور انڈس ہائی وے پر موبائل کوالٹی آف سروس سروے

اسلام آباد (ویب نیوز )

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے موبائل کوریج،سروس کی دستیابی اور اس کے معیار کے حوالے سے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے 22 سے 24 فروری 2021 ء تک جی ٹی روڈ (لاہور سے پشاور) اور انڈس ہائی وے (پشاور سے کراچی) کا کوالٹی آف سروس (کیو ایس) سروے کیا گیا۔ سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ پوری جی ٹی روڈ پرتھری جی سروسز کی کوریج اچھی ہے جبکہ انڈس ہائی وے پر تھری جی سروسز کی کوریج مناسب ہے تاہم فور جی کوریج غیر متوازی ہے۔
مجموعی طور پردونوں شاہراہوں پر آواز، ایس ایم ایس اور ڈیٹا سروسز کی دستیابی تسلی بخش ہے۔ تاہم، جی ٹی روڈ (لاہور سے پشاور) اور انڈس ہائی وے (پشاور سے کراچی تک) پر تمام سی ایم اوز کے وائس اور ایس ایم ایس، کیواو ایس پیرامیٹرز میں کچھ بے ضابطگییاں دیکھنے میں آئیں۔ جی ٹی روڈ پر تھری جی اور فور جی سگنل اور صارف ڈیٹا تھروپٹ معیار کے مطابق پائے گئے۔ انڈس ہائی وے پرتھری جی سگنل سی ایم اوز کے لائسنس کے معیار کے مطابق جبکہ فور جی سگنلز لائسنس کے طے کردہ معیار سے کم پائے گئے۔
اس حوالے سے سی ایم اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پی ٹی اے کے نشاندہی کردہ مسائل کی اصلاح کریں، موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ”کی پرفارمنس انڈیکیٹر “ لائسنس کے معیار کے مطابق بہتر بنائے جا سکیں اور مذکورہ بالا شاہراؤں پر اضافی وسائل / سائٹس کے لئے بھی منصوبے بنائے جا سکیں۔ واضح رہے کہ لائسنس یا فتگان کی جانب سے ہدایات پر تعمیل کے بعد سروے دوبارہ کیا جائے گا۔