جموں (ویب ڈیسک)
مقبوضہ کشمیر میں جعلی مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ جاری ہونے لگے ، کرائم برانچ نے ریونیو حکام کے ساتھ مجرمانہ سازش کے ذریعے جعلی مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی) بنانے کے الزام میں ایک مفرور ملزم سرپنچ اور بدنام زمانہ مجرم کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ گرفتار شخص کی شناخت پربھاکر سنگھ عرف شوکی ولد لکھن سنگھ ساکن گاوں کوٹ ، تحصیل اور ضلع جموں کے نام سے ہوئی ہے مقامی میڈیاکے مطابق گرفتار شخص کے خلاف تھانہ گھروٹا میں کم از کم 12 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ کرائم برانچ کے عہدیدار نے بتایا کہ اس پر بھی بھاری مشینری کااستعمال کرکے درختوں کی کٹائی کرکے جنگل کی زمین پر قبضہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ملزم کو غیرقانونی سرگرمیوں کے الزام میں کوٹ بھلوال جیل جموں میں پی ایس اے کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ کرائم برانچ جموں نے اسکو تحویل میں لینے کے لئے خصوصی جج اینٹی کرپشن جموں کی عدالت سے رجوع کیا۔ اسی مناسبت سے ملزم کو سنٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں سے اپنی تحویل میں لینے کے بعد گذشتہ روز گرفتار کیا گیا ۔ملزم کو عدالت کی عدالت میں پیش کیا گیا اور اس کیس کی مزید تفتیش کے لئے اس کا پولیس ریمانڈ طلب کیا گیا ہے