مقبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک)

ماہ صیام میں مسجد اقصیٰ کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کے ڈپٹی ڈائریکٹر الشیخ ناجح بکیرات نے بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی غنڈہ گردی کے باوجود ماہ صیام میں مسجد اقصیٰ کو نمازیوں اور عبادت گزاروں کے لیے کھلا رکھا جائے گا، تمام فلسطینیوں کو قبلہ اول مین داخل ہونے اور وہاں پر نماز ادا کرنے کا پورا حق ہے۔ انہوں نے قابض صہیونی دشمن کی طرف سے قبلہ اول کو کنٹرول کرنے اور مسجد اقصی کے امور کو اسرائیلی قومی سلامتی کونسل کے حوالے کرنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔الشیخ ناجح بکیرات نے کہا کہ اسرائیلی ریاست ایک قابض ریاست کی حیثیت سے مسجد اقصی کے امور کو اپنے ہاتھ میں لینے کے حربے استعمال کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کو قبلہ اول سے دور کرنے کی دانستہ کوششیں کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کی آمد سے قبلہ اول میں عبادت کے لیے تیاریاں اورانتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں اور ماہ صیام میں مسجد اقصی کو عبادت کے لیے کھلا رکھا جائے گا۔