پابندیاں مزید سخت ،لاہور میں( آج )ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈائون ہوگا
دو روز میں تمام مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی ،شہریوں سے گزارش ہے کہ آج ہی اشیا ضروریہ کی خریداری کرلیں
عوام مشکل کی اس گھڑی میں سخت فیصلوں کو کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں، یہ مشکل اور کڑا امتحان ہے، کمشنر لاہور
لاہور(ویب نیوز) لاہورمیں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کردی گئیں۔آج (ہفتہ) اور کل (اتوارکو) لاہور شہر میں مکمل لاک ڈائون ہو گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا کہ ان دو روز میں تمام قسم کے کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی، صرف میڈیکل اسٹور، پٹرول پمپ، ویکسی نیشن سنٹرز، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دوکانیں کھلی رہیں گی، لہذا شہریوں سے گزارش ہے کہ آج ہی اشیا ضروریہ کی خریداری کرلیں، ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔کمشنر لاہور نے کہا کہ کورونا وائرس سے روزانہ ریکارڈ تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اس لیے کورونا وائرس کا پھیلائو روک کر قیمتی جانیں بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنا لازم ہے، عوام مشکل کی اس گھڑی میں سخت فیصلوں کو کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں، یہ مشکل اور کڑا امتحان ہے، کورونا کے خلاف احتیاطی تدابیر اپنائیں، اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔