وزیراعظم نے گورنر بلوچستان سے استعفیٰ طلب کرلیا
نیا گورنر چاہتا ہوں، آپ مستعفی ہوجائیں، وزیراعظم کا امان اللہ یاسین زئی کو خط
عمران خان، ظہورآغا کو گورنربلوچستان بنانے کے خواہاں ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کا نام فائنل کیا ہے،ذرائع
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی سے استعفی طلب کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کو خط لکھا ہے جس کے مندرجات سامنے آگئے ہیں۔گورنر بلوچستان کو لکھے گئے خط میں وزیراعظم عمران خان نے ان سے استعفی طلب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں نیا گورنر تعینات کرنا چاہتے ہیں لہذا آپ مستعفی ہوجائیں۔وزیراعظم نے خط میں یہ بھی لکھا کہ آپ کی کارکردگی پر کوئی منفی تاثر نہیں رکھتا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پیر کو نئے گورنر بلوچستان کیلئے نام کا حتمی فیصلہ کریں گے ، وزیراعظم عمران خان، ظہورآغا کو گورنربلوچستان بنانے کے خواہاں ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کا نام فائنل کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی اراکین نے گذشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ کے پی، پنجاب اور سندھ کی طرح بلوچستان میں بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو گورنر بنایا جائے ، جس پر وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی ائی کے پارلیمانی اراکین سے نئے نام مانگ لیے تھے۔گورنر کیلئے پارلیمانی اراکین جن ناموں پر غور کررہے ہین ان میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ، پارٹی رہنما ہمایوں جوگیزئی اور ظہور آغا کے نام شامل ہیں ۔