رمضان بازار میں چینی بیچنے سے عام مارکیٹ میں قلت ہوئی،لا ء آفیسر
کورٹ کے آرڈر پر جو چینی اٹھائی گئی اس کی آڈٹ رپورٹ پیش کی جائے،عدالت
لاہور (ویب ڈیسک)
لاہور ہائیکورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کی فروحت روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ چینی عام مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو فروحت کی جائے گی۔ جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ میں رمضان بازاروں میں چینی کے حصول کے قطاروں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے تعین کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاء آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ رمضان بازار میں چینی بیچنے سے عام مارکیٹ میں قلت ہوئی۔ جس پر عدالت نے کہا کہ کس قانون کے تحت ساری چینی رمضان بازار میں بیچی گئی، کورٹ کے آرڈر پر جو چینی اٹھائی گئی اس کی آڈٹ رپورٹ پیش کی جائے۔لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کی حکم عدولی کی گئی ہے، آپ کو ضرورت سے زیادہ وقت دیا گیا، آپ قیمتوں کو کنٹرول اور چینی کی سپلائی کو یقینی بنانے میں ناکام رہے ہیں، عام مارکیٹ چینی 85 روپے فی کلو فروحت کی جائے گی، رمضان بازار اور جمعہ بازار لگا کر مذاق بنایا جا رہا ہے۔