لاہور(ویب نیوز)
لاہور کے ویکسین سینٹرز میں پیسے لے کر کورونا سے بچا ئوکے حفاظتی ٹیکے لگانے کا کیس سامنے آ گیا ہے۔ معاملے میں ملوث 18 ملازمین کو معطل کر دیا گیا۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سرکاری ملازمین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی)میں لوگوں سے پیسے لے کر انہیں قطاروں سے بچاتے تھے۔ ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر تمام ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ کورونا ویکسی نیشن سینٹر پر غفلت اور کوتاہی کسی بھی صورت ناقابل قبول ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز چین سے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچا ئوکے حفاظتی ٹیکوں کی مزید بارہ لاکھ ڈوزز خصوصی طیارے کے ذریعے پہنچ گئی ہیں جبکہ اگلے ماہ مزید خوراکیں بھی آئیں گی۔ حکومت اور طبی ماہرین کی جانب سے عوام سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اگر اس موذی مرض کے وار سے بچنا چاہتے ہیں تو انھیں چاہیے کہ فوری طور پر ویکسین لگوائیں۔