انڈونیشیا کے عوام فلسطینی پرچم تھامے سڑکوں پر آگئے ، اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی
جکارتہ،لاس اینجلس ،صنعا،تہران (ویب ڈیسک)
دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ، امریکا سے لے کر مشرق وسطیٰ اور مشرقِ بعید تک اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا کے مختلف شہروں میں اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ، امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔لوگوں نے اظہارِ یکجہتی کے لیے معروف فلسطینی رومال کیفیہ سے سر ڈھانپ رکھے تھے۔ شرکا کا کہناتھا معصوم انسانوں کو قتل کرنے کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے۔یمن کے درالحکومت صنعا میں لاکھوں افراد نے احتجاج کیا، مظاہرین نے کہا کہ ایک دن مسلمان مل کر قبلہ اول کو آزاد کرائیں گے۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں عوام نے غزہ کے حق میں احتجاج کیا، اسرائیل کے خلاف نعرے بھی لگائے۔انڈونیشیا کے عوام فلسطینی پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئے، اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔