انڈس موٹر کی طرف سے کراچی میں زیر تعمیر شوکت خانم کینسر ہسپتا ل کیلئے 60 ملین روپے عطیہ
کراچی (ویب نیوز )
انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے کمپنی کے بانی چیئرمین مرحوم علی سیلمان حبیب کو خراج عقیدت کے طور پر شوکت خانم میموریل کینسر اینڈ ریسرچ سینٹر (ایس کے ایم سی ایچ) کو 60 ملین روپے عطیے کے ذریعے تعاون فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔ یہ عطیہ کراچی میں شوکت خانم کی زیر تعمیر عمارت پر خرچ کئے جائیں گے۔ انڈس موٹر کے وائس چیئرمین، شن جی یاناگی اور چیف ایگزیکٹو علی اصغر جمالی نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کو چیک پیش کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے علی اصغر جمالی نے کہا”آئی ایم سی کی شوکت خانم کینسر ہسپتال کے ساتھ گزشتہ دو عشروں سے وابستگی چلی آر ہی ہے۔ پاکستان میں کینسر کا علاج بہت مہنگا ہونے کی وجہ سے عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔ ایس کے ایم سی ایچ نے اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے قدم آگے بڑھا یا اور ملک کے مستحق اور نادار افراد کو کینسر کے علاج میں مدد فراہم کی، میں قابل قدر کام پر ہسپتال کی انتظامیہ کو مبار ک بار پیش کرتا ہوں۔ یہ عہد ہمارے مرحوم چیئرمین علی حبیب کوخراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ یہ نہ صرف ایک صدقہ جاریہ ہے بلکہ ان کی رحم دلی اور شفقت کو یاد رکھنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔
ایس کے ایم سی ایچ کراچی میں کینسر کے علاج کیلئے تیسرا اور جدید ترین ہسپتال ہے جو دی ایچ اے سٹی میں 20 ایکڑ قطعہ اراضی پر تعمیر کیا جارہا ہے جہاں کینسر کے 75 سے زائدمریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ 13 بلین روپے کی لاگت سے ہسپتال کی تعمیر آئندہ تین سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ جدید ترین ڈائیگناسٹک، ریڈی ایشن اور علاج و معالجہ کی سہولیات ایک چھت تلے میسر ہوں گی جہاں کراچی، سندھ اور بلوچستان کے مریض کا علاج کراسکیں گے۔
ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق 2020 میں پاکستان میں کینسرکے178,000 سے زائد مریض سامنے آئے جبکہ 177,000 سے زائد افراد کینسر کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے۔ آئندہ پانچ برسوں میں کینسر کے مریضوں کی تعداد 329,524 تک پہنچنے کی توقع ہے۔ چھاتی، منہ، پھیپھڑوں، خوراک ک نالی اور خون کا کینسر مرد اور خواتین دونوں میں بہت عام ہے۔