اسلام آباد (ویب ڈیسک)
کوروناوبا کے باعث مزید 75 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ فعال کیسز کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے اس کے علاوہ ملک میں کورونا کے 2 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 706 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 13,006,32 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 726 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 911,302 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 3 لاکھ 13 ہزار 059 ، پنجاب میں 3 لاکھ 37 ہزار 073، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 31 ہزار 027، اسلام آباد میں 80 ہزار 779، بلوچستان میں 24 ہزار 823 ، آزاد کشمیر میں 19 ہزار 008 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 533 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد59 ہزار 018 ہے۔ جب کہ4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 75 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 20 ہزار 540 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 3 ہزار 901 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 831,744 ہوگئی ہے۔