پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط
اسلام آباد(ویب نیوز)پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن کی تعمیر کے سلسلے میں اہم پیش رفت ، دونوں ممالک نے بین الحکومتی معاہدے پر دستخط کردیے۔پاکستان اور روس کے درمیان دو ارب ڈالر سے زائد کے نارتھ ساتھ گیس پائپ لائن پروجیکٹ (این ایس جی پی پی)پر کام شروع کرنے سے متعلق معاہدے پر دستخط جمعہ کو وزارت توانائی میں منعقدہ ایک تقریب میں کیے گئے۔ پاکستان کے سفیر شفقت محمود اور روس کے وزیر توانائی نے اس معاہدے پر دستخط کردیے۔وزارت توانائی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق معاہدے سے نارتھ ساوتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر منصوبے پر پیش رفت تیز ہوگی۔ معاہدے کے 60 روز کے اندر پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن قائم کی جائے گی۔جارہی اعلامیے کے مطابق یہ کمپنی پائپ لائن منصوبے پرعملدرآمد کرائے گی۔ معاہدے میں منصوبے کا نام بھی پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن رکھا گیا ہے۔جاری اعلامیے کے مطابق نارتھ ساوتھ گیس پائپ لائن منصوبہ 2015 سے تاخیر کا شکار تھا۔ معاہدے سے توانائی کے شعبے میں پاک روس تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ منصوبے سے پاکستانی کمپنیوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔اس معاہدے کے تحت 1100 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی اور روس اس منصوبے پر تقریبا دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔نارتھ ساتھ پائپ لائن کے ذریعے گیس پاکستان کے ساحلی علاقوں سے شمال میں صنعتی علاقوں تک پہنچانے کے منصوبے میں معاوضے کے تنازعات اور روسی کمپنی روسٹیک پرامریکی پابندیوں کی وجہ سے کام روک دیا گیا تھا۔