لادی گینگ کے ارکان مورچے چھوڑ کر نامعلوم مقام کی جانب فرار ہو گئے،پولیٹیکل انتظامیہ
ڈیرہ غازی خان (ویب ڈیسک)
ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں لادی گینگ کے خلاف آپریشن چوتھے روز بھی جاری رہا، گزشتہ روز 15افراد کو حراست میں لیا گیا۔جاری آپریشن کے دوران ڈاکووں کے مورچے اور عارضی پناہ گاہ جلا دی گئیں، جبکہ 15مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق لادی گینگ کے خلاف آپریشن میں ڈاکووں کے مستقل ٹھکانے گرا دیئے گئے ہیں اور عارضی پناہ گاہ جلادی گئی ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لادی گینگ کے ارکان مورچے چھوڑ کر نامعلوم مقام کی جانب فرار ہو گئے ہیں۔گزشتہ روز 15سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن سے تفتیش جاری ہے۔آپریشن میں بارڈر ملٹری پولیس، پنجاب پولیس اور رینجرز حصہ لے رہی ہے۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق 4 روز قبل ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں لادی گینگ نے 3 افراد کو اغوا کر لیا تھا جس کے بعد خیر محمد نامی مغوی کو فائرنگ کر کے اور محمد رمضان کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم ڈاکووں نے آپریشن شروع ہونے کے بعد تیسرے مغوی کو آزاد کر دیا تھا جس کے بعد وہ اپنے گھر پہنچ گیا تھا۔ملزمان کی جانب سے اس سفاکانہ و بہیمانہ کارروائی کے بعد ان کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا۔