میٹرک انٹر کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی تک ہوں گے، این سی او سیی کا اعلان
10 جون تک اساتذہ کی ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئ
30 مئی سے تفریحی و واٹر پارکس، سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت
اسلام آباد(ویب نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک انٹر کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی تک ہوں گے جبکہ صوبے 31 مئی سے کورونا ایس او پیز کے تحت دسویں اور بارہویں کلاس کھولنے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔وزیر برائے منصوبہ اسد عمر اور نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الز زمان کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔، اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی تک لیے جانے کا اعلان کیا گیا۔ فورم نے ملک کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم سندھ میں کورونا کے پھیلا وکے بارے میں خبردار کیا گیا۔این سی او سی اعلامیے کے مطابق صوبے 31 مئی سے کلاسز شروع کرسکتے ہیں، کلاسز کا اجرا کورونا ضوابط (ایس او پیز)کے ساتھ متبادل دنوں میں کیا جائے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے عملے کی ویکسینیشن لازمی کروائی جائے۔این سی او سی نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ اساتذہ کی ویکسینیشن 10 جون تک مکمل کروائی جائے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات(یو اے ای) سے آنے والے مسافروں کے صرف مجاز لیبارٹیریز سے کروائے گئے ٹیسٹ ہی قابل قبول ہوں گے۔این سی او سی نے واضح کیا کہ غیر مجاز لیبارٹیری کے ٹیسٹ والے مسافر کو بٹھانے پر ایئرلائن کو جرمانہ کیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق پاکستان پہنچنے پر مسافروں کا دوبارہ ٹیسٹ ہوگا، جو مثبت آنے کی صورت میں متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں بھیجا جائے گا۔این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے ریسٹورنٹس میں یکم جون سے 50 سال سے زائد سیاحوں کا بغیر ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ رہنا ممنوع قرار دیدیا گیا۔ یکم جولائی سے 30 سال سے زائد عمر سیاحوں کے لیے بھی ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی ہوگا۔این سی او سی اعلامیے کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کے کسی بھی سیاح کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوٹل میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اجلاس نے ملک میں کورونا ویکسینیشن اور ضوابط(ایس او پیز)پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ سندھ میں بڑھتے کورونا کیسز پر انتباہ جاری کیا۔30 مئی سے 5 فیصد اور اس سے کم مثبت کیسز والے اضلاع میں تفریحی پارکس ، واٹر پارکس اور سوئمنگ پول کو دوبارہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔