زراعت کیلئے 12ارب روپے مختص کئے ہیں ، شوکت ترین
ٹڈی دل اور فوڈ سیکیورٹی پراجیکٹ کے لیے ایک ارب مختص کرنے کی تجویز شامل ہے، وفاقی وزیر
اسلام آباد (ویب نیوز)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اگلے سا ل زراعت کیلئے 12ارب روپے مختص کئے ہیں ۔ قومی اسمبلی میں اپنی بجٹ تقریر کرتے ہوئے شوکت ترین نے فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے کہا کہ ہماری حکومت نے زراعت کے شعبے کو غیرمعمولی ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ امسال گندم، چاول، گندے میں بہت زیادہ پیداوار ہوئی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اسی وجہ سے نیشنل ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد لائیو اسٹاک اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مویشی، ماہی گیری، آپباشی کے شعبے کا اعادہ کیا جائے گا جبکہ ہم نے اگلے سال زراعت کیلئے 12 ارب روپے مختص کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل اور فوڈ سیکیورٹی پراجیکٹ کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے پانی کی کمی کا شکار ہورہا ہے اور وزیراعظم عمران خان چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے لیے خواہاں ہیں۔