کراچی:رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کاپاکستانی چاول پر پابندی ہٹنے پر بے انتہا مسرت کا اظہار

کراچی(ویب  نیوز)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان (ریپ)کے چیئرمین عبد القیوم پراچہ نے پاکستانی چاول پر پابندی ہٹنے پر بے انتہا مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن (ڈی پی پی)، وزارت خوراک، وزارت تجارت اور ماسکو میں تعینات پاکستانی سفارتخانے کی کو ششوں کو سراہا ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام پاکستانی اعلیٰ حکام نے روس کے متعلقہ اداروں کے ساتھ بہترین ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو ممکن بنایا اور بالآخر روس نے پاکستانی چاول پر عائد پابندی ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایک بہترین اور قابل ستائش ٹیم ورک تھا جس میں شامل تمام ممبران خصوصاََ اللہ دتا عابد ڈائریکٹر جنرل  (ڈی پی پی)، سہیل شہزاد ڈائریکٹر ٹیکنیکل  (ڈی پی پی)، ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ منسٹر ناصر حمید کے علاوہ  ریپ کے سابق سینیئر وائس چیئرمین اور ریپ کے کمیٹی برائے   ڈی پی پی امور کے سر براہ محمد رضا کی انتھک محنت شامل ہے جنہوں نے پاکستان کے دوسرے بڑ ے زر مبادلہ کمانے والے سیکٹر کی بہتری کیلئے اس مشکل کام کو حل کرنے کا بیڑا اٹھایا ۔ چیئرمین  ریپنے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی مزید رائس ملوں کے نام بھی روس کو چاول بر آمد کرنے کیلئے منظور شدہ لسٹ میں شامل ہوجائیں گے۔