اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال پر لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سردار یاسر الیاس خان
پرائس کنٹرول کیلئے سپلائی نظام بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کامران چیمہ
اسلام آباد ( ) مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹر اور آئی سی ٹی کے ڈائریکٹر انڈسٹری کامران چیمہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے عہدیداران کے ساتھ اسلام آباد میں ہول سیل مارکیٹ میں پرائس کنٹرول اور مال کی ترسیل کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان، سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، محبوب احمد خان، اشرف فرزند، چوہدری ندیم الدین، خالد چوہدری، اشفاق چھٹہ اور مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری اور شہریوں کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے چیمبر نے ضلعی انتظامیہ کے درمیان بہتر روابط قائم کر رکھے ہیں تاہم مارکیٹ کمیٹی جو پرائس لسٹ جاری کرتی ہے اس میں پیش آنے والے ایشوز کو تاجر برادری کی مشاورت سے حل کرنے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہول سیل مارکیٹ علاقے میں اشیاء کی سپلائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے تاہم لسٹ آکشن کی جاتی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں فرق آ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دکانوں کے کرایے کافی زیادہ ہیں جن کااثر اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے۔ ہر سیکٹر میں سبزی و فروٹ کے دکانداروں کو اعتماد میں لے کر پرائس لسٹ جاری کی جائے اور خاص طور پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال میں لانے کیلئے اقدامات کرنا ضروری ہے تاہم بھاری جرمانے ایسے مسائل کا حل نہیں ہیں۔
مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر کامران چیمہ نے اس موقع پر تاجر براری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں کا تعلق مارکیٹ کی سپلائی اور ڈیمانڈ پر ہوتا ہے اور مارکیٹ میں مال کی ترسیل یقینی بنانے کیلئے سپلائی نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کیلئے تاجر برادری اور ہو سیل مارکیٹ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ آئندہ پرائس لسٹ علی الصبح سپلائی کرنے کی کوشش کریں گے۔ مختلف مارکیٹوں کی یونینز کو اعتماد میں لے کر سیکٹر وائز فیصلہ کریں گے۔ ہول سیل مارکیٹ میں ترقیاتی کام ہونے باقی ہیں جبکہ صفائی کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انٹری فیس کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا۔
چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، اعجاز عباسی، خالد چوہدری اور مارکیٹوں نمائندگان سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مارکیٹ کمیٹی تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر قیمتوں کے تعین کے بارے میں فیصلے کرنے کی کوشش کرے گی تا کہ بزنس کمیونٹی اور شہریوں کے مفادات کا بہتر تحفظ ہو۔