پی ٹی سی ایل او رسسکو (CISCO) کے درمیان سروس پرووائیڈر پارٹنرشپ کے معاہدہ پردستخط
اسلام آباد: (ویب نیوز ) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور سسکو (CISCO) نے سروس پرووائیڈ ر پارٹنرشپ معاہدے پر دستخط کے ذریعے پاکستان میں کاروباری اداروں کو خدمات کی فراہمی کے لئے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
دستخطی تقریب پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ ضرار ہشام خان، چیف بزنس سروسز آفیسر، پی ٹی سی ایل اور کاشف الحق، کنٹر ی جنرل منیجر، سسکو (CISCO)نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ دونوں اداروں کی سینئر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔
اس شراکت دار ی کے تحت دونوں کمپنیاں کم قیمت اور جدید سروسز کے ذریعے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے ہم آہنگ بنانے کیلئے مل کر کام کریں گی۔ یہ معاہدہ ٹیکنالوجی تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس سے صارف کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کیلئے تذویراتی رہنمائی اور ہدایت بھی فراہم کی جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ضرار ہشام خان، چیف بزنس سروسز آفیسر، پی ٹی سی ایل نے کہا ”سسکو (CISCO) کے ساتھ شراکت داری سے پی ٹی سی ایل ملک بھر میں صارفین کی توقعات کے مطابق انہیں سروسز فراہم کرپائے گا۔ یہ شراکت داری جامع ڈیجیٹل ورک سپیس اور طرز زندگی کی تشکیل میں سہولت فراہم کرکے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سفر کی تکمیل میں پاکستان کیلئے انتہائی موثر ثابت ہوگا۔ ہم اپنے کارپوریٹ صارفین کو بزنس ویلیو چین میں بہتر اشتراک کیلئے محفوظ اور مربوط مواصلات، آٹومیشن اور اینالیٹک بنیادوں پر ٹیکنالوجی کی سروسز فراہم کر پائیں گے۔“
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کاشف الحق، کنٹری جنرل منیجر، سسکو (CISCO)نے کہا ”سسکو (CISCO)اور پی ٹی سی ایل مل کر پاکستان میں کاروباری طریقوں میں تبدیلی لائیں گے۔ ہماری توجہ (SPaaCH) چینل کے طورپر سروس پرووائیڈرکے ذریعے تبدیلی کا متحرک بننے پر ہے جسے بہت ہی منظم اور موثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔ہم اس شراکت داری کو سراہتے ہیں کیونکہ اس سے ہمارے کسٹمر نیٹ ورک کو سافٹ ویئر پرمبنی نیٹ وک میں تبدیل کرنے اور اسے پہلے سے زیادہ متحرک اور مربوط بنانے میں مدد ملے گی۔“
پی ٹی سی ایل ہمیشہ اس طرح کے اقدامات اٹھانے کیلئے پیش پیش رہا ہے جو کلاؤڈ پر مبنی جدید سلوشنز اور منیجڈ سروسز کیلئے نہ صرف راہ ہموار کریں گے بلکہ ملک بھر میں ہمارے کارپوریٹ صارفین کیلئے بھی فائدہ مند ہوں گے۔