جینڈر پروٹیکشن یونٹ کے قیام سے خواتین کے حقوق کا بہتر تحفظ ہو گا۔ سردار یاسر الیاس خان
آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی زیر صدارت جینڈر پروٹیکشن کے حوالے سے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس
اسلام آباد: انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کی زیر صدارت جینڈر پروٹیکشن یونٹ کے حوالے سے ایک راؤنڈ ٹیبل کانفرنس منعقد ہوئی۔کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے جینڈر پروٹیکشن یونٹ کے قیام کو سراہا اور اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی سہولت کیلئے نت نئی سروسز متعارف کرا رہی ہے جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جینڈر پروٹیکشن یونٹ کے قیام سے کاروباری خواتین سمیت دیگر خواتین میں اپنے حقوق کے بہتر تحفظ کے لئے ایک نیا اعتماد پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری کل آبادی کا نصف ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے مزید ادارے قائم کئے جائیں جو خواتین کے حقوق کا بہتر تحفظ یقینی بنائیں تا کہ خواتین ملک کی معاشی ترقی مزید موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو شکایت کے اندراج اور دیگر مسائل کے ازالے میں آسان رسائی فراہم کرنے کیلئے جینڈر پروٹیکشن یونٹ کا جال پورے ملک میں قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنی ممبر کمپنیوں کے ساتھ ساتھ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں بھی اس سہولت کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا تاکہ خواتین اپنے حقوق کے تحفظ اور شکایات کے ازالے کے لئے اس سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھاسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی نے اسلام آباد پولیس کے تعاون سے اپنے احاطے میں پولیس کا ایک سہولت ڈیسک قائم کیا ہے اور وفاقی دارالحکومت میں تجارتی اور رہائشی علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بنانے کی کوششوں میں چیمبر پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا تاکہ اسلام آباد کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے مزید پرامن اور محفوظ شہر بنایا جائے۔
راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں سینئر افسران، آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، سیول سوسائٹی،غیرملکی مندوبین اور ڈیسک پر تعینات عملے نے بھی شرکت۔ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں جینڈر پروٹیکشن یونٹ اور ہیلپ لائن 8090 کی گزشتہ ایک ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان اور کانفرنس میں موجود شرکاء نے جینڈر پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی کو سراہا۔ کانفرنس میں موجود شرکاء نے جینڈر پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی کو مزید فعال بنانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ جینڈر پروٹیکشن یونٹ ڈیسک پر 77 درخواستیں جبکہ ہیلپ لائن 8090 پر 65 کالز سمیت مختلف نوعیت کی کل 131 شکایات موصول ہوئیں۔ 51 گھریلو تشدد،3 جنسی ہراسگی،11 حراسمنٹ،28 ہمسایوں کی شکایات، 9 مختلف نوعیت کی دھمکیوں جبکہ 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مختلف دفعات کے تحت 6 مقدمات سمیت 46 شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ 43 زیر التوا ہیں جن پر کارروائی جاری ہے۔ 10 خواتین نے ہیلپ لائن کے ذریعے رہنمائی حاصل کی۔ سوشل میڈیا و دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے 86 فیصد لوگوں نے پسندیدگی کا اظہار کیا جبکہ 5 فیصد لوگوں نے منفی تاثرات پیش کیے۔آئی جی اسلام آباد نے جینڈر پروٹیکشن یونٹ میں تعینات خواتین عملہ کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جینڈر پروٹیکشن یونٹ کے فعال ہونے کی وجہ گھریلو تشدد و دیگر مسائل میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔