اسلام آباد  (ویب نیوز)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چیمبر اسلام آباد انتظامیہ، ایم سی آئی اور متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے اکیس رمضان سے چاند رات تک ایف سیون اور ایف ٹین مراکز میں شاندار شاپنگ فیسٹیول منعقد کرے گا۔ فیسٹیول میں روایتی فوڈ ایریاز، آرٹ اینڈ کرافٹس کارنرز، مہندی کے اسٹالز، بچوں کے کھیلنے کی جگہ ، کارپوریٹ اسٹالز، لائیو میوزک اسٹیج، لکی ڈراز، کوئز، لیزر لائٹس، لائٹنگ ڈسپلے اور فرسٹ ایڈ میڈیکل کیمپ سمیت دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ دونوں مارکیٹوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بڑے اور خوبصورت محرابوں سے سجایا جائے گا۔ شاپنگ فیسٹیول صارفین کیلئے پرکشش ثابت ہو گی اور مراکز کے تاجروں کو اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دینے کے عمدہ مواقع فراہم کرے گی۔
احسن ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں ریٹیل کی دنیا میں شاپنگ فیسٹیول کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے کیونکہ فیسٹیولز نہ صرف سیلز بڑھانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں بلکہ صارفین کو اپنی پسند کے برانڈز خریدنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف سیون اور ایف ٹین مراکز میں شاپنگ فیسٹیولز تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صارفین کو مناسب دام پر اپنی پسند کی عید شاپنگ کرنے کے بہتر مواقع فراہم کریں گی۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ شاپنگ فیسٹیول پوری دنیا میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بہت موثر ثابت ہوتی ہیں اور امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں ہونے والا شاپنگ فیسٹیول ایک سازگار ماحول میں صارفین کو عید شاپنگ کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ دنیا بھر میں شاپنگ فیسٹیولز کا رجحان بڑھ رہا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام متعلقہ ادارے دارالحکومت میں شاپنگ فیسٹیول کے انعقاد میں بھرپور تعاون کریں جس سے کاروبار ترقی کرے گا۔