اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کے محافظوں اور افواج پاکستان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں اپنا مقام بنانے کیلئے ایک مضبوط معیشت کی ضرورت ہے لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز مل کر پاکستان کو موجودہ معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن ابھی تک ان سے بہتر طور پر استفادہ حاصل نہیں کیا گیا جس وجہ سے پاکستان ابھی تک ترقی کی دوڑ میں کافی پیچھے ہے اور پوری قوم اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک سازگار ماحول پیدا کیا جائے تا کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار وں کو پاکسان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترغیب ملے جس سے معیشت بہتر ہو گی اور عوام خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے گذشتہ دنوں سرکاری اور عسکری املاک کی توڑ پھوڑ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر ایک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے اور وقت کا یہ تقاضا ہے کہ تقسیم و تفریق کی سیاست کو ختم کر کے سب مل جل کر پاکستان کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں کیونکہ معاشی طور پر ایک مضبوط پاکستان ہی ہماری نسلوں کو خوشحال اور روشن مستقبل فراہم کر سکتا ہے۔
احسن ظفر بختاوری نے حالیہ دنوں میں شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور جناح ہاؤس سمیت دیگر املاک کی توڑ پھوڑکے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ تاجر برادری سمیت پوری قوم اس طرح کے واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے کیونکہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور کوئی بھی ان کی بے حرمتی کو برداشت نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سمیت اس وقت اپنی سرحدوں پر چیلنجوں کا سامنا ہے اور افواج پاکستان ملکی دفاع کیلئے فرنٹ لائن پر جانیں قربان کر رہی ہیں۔ ان حالات میں ہمیں اپنی افواج کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دفاعی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم کا مطلب ملکی دفاع اور پاکستان کو کمزور کرنا ہے لہذا قوم کے ہر فرد کو ہر ایسے کام اور ایسی سرگرمی سے گریز کرنا چاہیے جس سے ہماری افواج کی حوصلہ شکنی ہو۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا دفاع کرنے کی کوششوں میں بزنس کمیونٹی ہر وقت افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کی مذمت کرے گی۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ دھرنوں اور احتجاج کی روش ترک کر کے قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے پڑوسی ممالک تیزی سے ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں لیکن ہمارا ملک ابھی تک عدم استحکام کا شکار ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر یہی حالات رہے تو ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل مزید تاریک ہو گا لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سب مل بیٹھ کر پاکستان کی ڈگمگاتی ہوئی کشتی کو مشکلات سے نکال کر پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے میں اپنا کردار اد ا کریں۔
چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ موجودہ دور معاشی جنگوں کا دور ہے اور وہی ممالک دنیا میں آگے بڑھ رہے ہیں جو معاشی طور پر مضبوط ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کے قائدین ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کو قومی مفادات کے فروغ کیلئے اپنی صلاحیتوں کو استعمال کریں تا کہ پاکستان خطے کی ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرے۔