آئی سی سی آئی کے وفد کا بورڈ آف انوسٹمنٹ کا دورہ، چیئرمین کو تعیناتی پر مبارک بادپیش کی
مارچ میں اسلام آباد میں ایک بڑی انوسٹرز کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ محمد اظفر احسن
افریقہ میں بزنس کانفرنس کے انعقاد میں بورڈ آف انوسٹمنٹ تعاون کرے۔ شکیل منیر

اسلام آباد ( ویب نیوز )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے ایک وفد نے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں بورڈ آف انوسٹمنٹ (بی او آئی) کا دورہ کیا اور محمد اظفر احسن کو چیئرمین تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ وفد نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں بورڈ آف انوسٹمنٹ ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مزید موثر کردار ادا کرے گا۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، سابق صدور طارق صادق، میاں شوکت مسعود، شیخ عامر وحید، سابق ایگزیکٹو ممبر عثمان خالد اور دیگر شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین محمد اظفر احسن نے افریقی خطے میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے کے چیمبر کے منصوبے کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ بی او آئی اس کانفرنس کے انعقاد میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے کیونکہ اس کے انعقاد سے پاکستان اور افریقہ کے نجی شعبوں کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی او آئی نے آئندہ سال مارچ میں اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کی سرمایہ کار کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس ایونٹ میں بی او آئی کے ساتھ اشتراک کرنے میں چیمبر کی دلچسپی کو سراہا۔ خطے کی معاشی ترقی میں چیمبر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بی او آئی اور آئی سی سی آئی کے درمیان قریبی روابط خطے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مفید ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کے لیے ایک نیا صنعتی زون قائم کرنے کی کوششوں میں بی او آئی چیمبر کے ساتھ تعاون کرے گا کیونکہ نئے صنعتی زون کے قیام سے خطے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور خطے کی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے وہ وزیراعظم سمیت حکومت کے اعلیٰ حکام سے بات کریں گے۔ انہوں نے مبارک باد پیش کرنے کیلئے بی او آئی کا دورہ کرنے پر چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے کاروباری و معاشی مفادات کو فروغ دینے کی کوششوں میں چیمبر کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے مصر میں ایک بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے کیونکہ افریقی خطہ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ایک بڑی مارکیٹ ہے لہذا بی او آئی اس کے کامیاب انعقاد میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے چیئرمین بی او آئی کو خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے چیمبر کی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بی او آئی صنعت کاری کو فروغ دینے کے لیے اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر بی او آئی کے اشتراک سے اپنے آڈیٹوریم میں مستقل بنیادوں پر سرمایہ کاری کانفرنسوں کا انعقاد کرنا چاہتا ہے تا کہ ہماری معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں کو بہتر جاگر کیا جائے اور سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، سابق صدور طارق صادق، میاں شوکت مسعود، شیخ عامر وحید اور وفد کے دیگر اراکین نے بھی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں ایک نئے صنعتی زون کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بی او آئی اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے سرکاری اور نجی شعبوں کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کے کاروباری اور سرمایہ کاری کے مفادات کو فروغ دینے کے لیے بی او آئی کے ساتھ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔