لاہور (ویب ڈیسک)
پاکستان موبائل فون مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے معروف غیر ملکی کمپنی کی جانب سے اینڈرائیڈ موبائل کی تیاری کیلئے پاکستان کی مقامی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ ونچر کے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کیلئے اس طرز کے معاہدے نا گزیر ہیں۔ ایسوسی ایشن کے ڈپٹی وائس چیئرمین سردار خان نے اپنے دفتر میں مقامی مینو فیکچررز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیںدنیا کی مارکیٹوں تک رسائی او رمضبوط گرفت کیلئے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہو گی ۔ نامور غیر ملکی موبائل کمپنی کا پاکستان کی مقامی کمپنیوں سے جوائنٹ ونچر کا معاہدہ موبائل انڈسٹری کیلئے ہوا کا تازہ جھونکا ہے ، حکومت کو چاہیے کہ مقامی موبائل مینو فیکچررز کو بھرپور سپورٹ مہیا کر ے تاکہ ان کمپنیوں کے تجربات سے استفادہ کر کے ہم معیاری مصنوعات کی تیاری کے قابل ہو سکیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ میڈ ان پاکستان کی مہم کا بھی آغاز کرے تاکہ ہمارا اربوں روپے کا درآمدی بل کم ہو سکے جس سے ہمارا قیمتی زر مبادلہ بچ سکے گا ۔ سردار خان نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود پاکستان کی برآمدات کے حجم کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن کاوشیں کر رہے ہیںجس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں