امید کرتے ہیں ہماری اجتماعی کوششیں افغانستان میں دیرپا امن ، ترقی اور خوشحالی لانے میں معاون ثابت ہوں گی
پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے اور اس کے لیے ہم اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا حصول اور چار دہائیوں سے جاری تنازع کا خاتمہ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان سمجھتا ہے کہ موجودہ صورت حال میں افغان قیادت مل کر کام کرے تاکہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ ہموار ہوسکے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے اور اس کے لیے ہم اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہمارے خیال میں افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا حصول اور چار دہائیوں سے جاری تنازع کا خاتمہ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری اجتماعی کوششیں افغانستان میں دیرپا امن ، ترقی اور خوشحالی لانے میں معاون ثابت ہوں گی۔