اسلام آباد (ویب  ڈیسک)

صدر اور وزیراعظم  نے یوم دفاع اورشہدا پراپنے الگ الگ پیغامات میں اس عزم کااعادہ کیاہے کہ بہادر پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، سلامتی اورجغرافیائی سالمیت پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریگی۔صدرڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان اپنے ہمسائے میں ہونے والے واقعات سے مکمل طورپرآگاہ ہے اورامن کوبرقرار رکھنے اورامن کونقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کوناکام بنانے کے لئے تیارہے۔انہوں نے دشمن کی خفیہ کارروائیوں کوبے نقاب کرنے کے لئے سیکیورٹی ایجنسیوں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ڈاکٹرعارف علوی نے یہ بات زوردیکرکہی کہ پاکستان بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرکے مسئلے پراپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ بہادرسپاہی ،افسر،پائلٹس اورسیلرزبہادری کے ساتھ لڑے ہیں اورانہوں نے اپنی جانوں کی پروانہیں کی اورقربانیاں دیکرسرحدوں کادفاع کیاہے۔انہوں نے کہاکہ آج بھارت خطے میں خاص طورپرپاکستان کے حوالے سے امن کونقصان پہنچانے کی اپنی کوشش پرعالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہوچکاہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ہماری حکومت کی فعال سفارتکاری کے باعث عالمی برادری اب اس بات پرقائل ہوچکی ہے کہ پورے بھارت میں اقلیتوں پرمظالم اورغیرقانونی طورپر زیرقبضہ جموں وکشمیر میںمظلوم کشمیریوں پرڈھائے جانے والے ظلم وستم کااب خاتمہ ہوجاناچاہیے۔عمران خان نے کہاکہ بھارت کوجلدیابدیرکشمیریوں کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کاجائزحق خودارادیت دیناپڑے گا۔اطلاعات و نشریات کے وزیر چوہدری فواد حسین نے انیس سو پینسٹھ کے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ان مائوں کے نام ہے جنہوں نے اپنے بیٹے کھوئے ، ان خواتین کے نام جو بیوائیں ہوئیں اور ان بچوں کے نام ہے جو یتیم ہوئے۔ادھر اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پوری قوم کو پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے پر اپنی مسلح افواج پر فخر ہے.