دبئی (ویب ڈیسک)
ابو ظہبی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ امارات میں داخلے کے لئے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کی جارہی ہے ۔ ابو ظہبی کی کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہا ہے کہ "کمیٹی صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی اور شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ صحت کی تمام تر احتیاط اختیار کریں تاکہ قوم بحالی کی راہ پر گامزن رہے۔”متحدہ عرب امارات کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اب تک 80 فی صد آبادی کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔امارات انتظامیہ کے مطابق جمعہ کے روز ایک بار پھر کرونا کیسز میں کمی دیکھی گئی اور 521 نئے کیسز سامنے آئے۔ابو ظہبی کی ایمرجنسی کمیٹی نے پچھلے ماہ اعلان کیا تھا کہ عوامی مقامات جیسے کہ مال، جمز، کیفے، ریستوران، دکانوں، میوزیم، پارکس، ریزورٹ اور صحت کے مراکز میں داخلے کی اجازت صرف ان لوگوں کو ہوگی جن کی الحصن ایپ میں ان کا اسٹیٹس گرین ہوگا۔امارات حکومت کی جانب سے شہریوں اور مقیمین کو کرونا وائرس کی آگاہی اور معلومات دینے اور ویکسینشن کا شمار رکھنے کے لئے ‘الحصن’ کے نام سے موبائل ایپ جاری کی ہے جس پر کسی بھی شخص کا اسٹیٹس دیکھا جاسکتا ہے۔اگر کسی بھی ویکسین شدہ شخص کاکرونا ٹیسٹ منفی آتا ہے تو اس کی ایپ پر 30 دنوں کے لئے اسٹیٹس گرین ہو جائے گا۔وام کے مطابق منفی کرونا ٹیسٹ والے حضرات کو امارات آمد پر سات دنوں کے لئے گرین اسٹیٹس دیا جائے گا۔