سعودی عرب کا عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد1 لاکھ کرنے کا اعلان

سعودی عرب کا عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد1 لاکھ کرنے کا اعلان

 خانہ کعبہ میں یومیہ 60 ہزار نمازیوں کو عبادت کی اجازت دی جائیگی ،سعودی وزارت حج

 ریاض ( ویب  نیوز) سعودی عرب کی وزارت حج نے عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا اعلان کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق کورونا وبا کی صورت حال بہتر ہونے پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے معتمرین کی تعداد 1 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ خانہ کعبہ میں یومیہ 60 ہزار نمازیوں کو عبادت کی اجازت دی جائے گی۔علاوہ ازیں ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے 70 برس سے زائد عمر والوں کو بھی عمرے کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح 17 اور 18 سالہ مقامی نوجوان بھی ویکسین لگوانے کے بعد عمرہ کرسکیں گے۔سعودی عرب کی وزارت حج نے مزید بتایا کہ حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔معتمرین اور نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مطاف کے صحن میں 25 نئے ٹریک بنائے گئے ہیں جو عبادت گزاروں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔اس حوالے سے انجینئر معین قاروت کے مطابق سماجی فاصلے کے اسٹیکروں کی ترتیب مسجد حرام میں آنے والے افراد کی تعداد کی مناسبت سے رکھی گئی ۔سعودی وزارت حج نے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ عمرہ اور نماز کی اجازت کے لیے توکلنا ایپ سے وقت لے سکتے ہیں اور صرف اجازت نامے کے حامل افراد ہی خانہ کعبہ میں نماز ادا کرسکیں گے۔واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث دو سال حج کو مختصر اور صرف مقامی افراد کے لیے مختص رہا ہے اور عمرہ زائرین کی تعدد بھی محدود کردی گئی تھیں تاہم اب آہستہ آہستہ تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔