کراچی میں پہلی بار جدید ٹرانسپورٹ کا نظام بننے جارہا ہے، اسد عمر
مزید 40 بسیں اگلے ماہ تک آجائیں گی، اس پر کنٹرول اور ٹیکنالوجی سافٹ ویئر لوڈ کیا جائے گا
اگلے ہفتے کے سی آر پر بھی کام شروع کریں گے، گرین لائن کا منصوبہ 70 ارب روپے کا ہے

کراچی(ویب  نیوز)وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کراچی میں پہلی بار جدید ٹرانسپورٹ کا نظام بننے جارہا ہے، یہ پہلی کھیپ ہے جو ہمارے پاس آئی ہے، ان میں سے 20 تقریبا دو ماہ بعد مسافروں کے لیے دستیاب ہوں گی۔گرین لائن بس کی تقریب سے وفاقی وزیر اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزید 40 بسیں اگلے ماہ تک آجائیں گی، اس پر کنٹرول اور ٹیکنالوجی سافٹ ویئر لوڈ کیا جائے گا۔اسد عمر نے کہا کہ اگلے ہفتے کے سی آر پر بھی کام شروع کریں گے، گرین لائن کا منصوبہ 70 ارب روپے کا ہے، تین ہفتوں میں بڑی سڑکیں بننے جارہی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اورنگی، گجر اور محمود آباد کی سڑکیں بننے جارہی ہے، یہ تینوں سڑکیں 54 کلومیٹر پر ہے، نالوں کی صفائی کا کام مکمل ہوگیا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ بسوں کے لیے ڈرائیورز کو تربیت بھی دی جائے گی، کراچی ٹرانسفارمیشن منصوبے کے پانچ مختلف پروجیکٹ بھی پروسیس میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر جدید ریل کے منصوبے کی منظوری بھی اگلے ہفتے دے دی جائے گی، وزیر اعظم خود کے سی آر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، کراچی کا حکومت پر حق ہے، آج سے پہلے یہ حق کسی وفاقی و صوبائی حکومت نے ادا نہیں کیا۔اسد عمر نے کہا کہ گورنر سندھ بھی دبا ڈالتے ہیں کہ سندھ کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں، سندھ کے 14 اضلاع میں بھی کام کریں گے۔

گرین لائن بس سروس سندھ کا پہلا ماس ٹرانسزٹ منصوبہ ہے۔گورنر سندھ

کراچی(ویب  نیوز)گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی میں کوئی خدمات نہیں دی جارہی، نہ کچرا اٹھایا جارہا ہے، نہ صفائی کی جارہی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ خوشی ہے کہ ہم کامیاب ہوگئے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ گرین لائن بس سروس سندھ کا پہلا ماس ٹرانسزٹ منصوبہ ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی والے مدت سے صرف باتیں سنتے رہے، 13 سالوں میں کبھی بسیں نہیں آئیں، ان بسوں کا کرایہ شہریوں کے لیے کم رکھا گیا ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کو فائر ٹینڈرز دیے گئے، بدقسمتی یہ ہے کہ  عملے کی عدم موجودگی کے باعث فائر ٹینڈر مکمل استعمال نہیں ہو پارہے۔

 

کراچی کا نوجوان بھی اب 20 روپے کرائے میں اچھا سفر کرسکے گا، امین الحق
کے-فور منصوبہ اس وقت ترجیح ہے، جو وعدے ہوئے وہ مکمل ہوتے نظر آرہے ہیں

کراچی(ویب  نیوز)وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا ہے کہ کراچی کا نوجوان بھی اب 20 روپے کرائے میں اچھا سفر کرسکے گا، اس منصوبے پر وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ کراچی میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ کراچی کے لیے ابھی بہت کام کرنا ہے۔امین الحق نے کہا کہ کے-فور منصوبہ اس وقت ترجیح ہے، جو وعدے ہوئے وہ مکمل ہوتے نظر آرہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے  دیگر شخصیات کے ہمراہ گرین لائن بس کاجائزہ لیا۔