کرکٹ سیریز منسوخ ہونے سے صرف پی ٹی وی کو کروڑوں کا نقصان ہوا قانونی چارہ جوئی کریں گے، وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ساتویں مردم شماری میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں اس معاملے میں اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ  نہیں کررہی ۔ کرکٹ سیریز منسوخ ہونے سے صرف پی ٹی وی کو کروڑوں کا نقصان ہوا قانونی چارہ جوئی کریں گے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لہذا انہیں ووٹ کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا ۔ پولیو کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے پچھلے سات ماہ میں صرف پولیو کا ایک کیس ریکارڈہوا ہے طویل عرصے کے بعد پولیو کی یہ کم ترین سطح ہے اس پر کابینہ  نے وزارت صحت کی کارکردگی کو سراہا ہے اور مبارکباد دی ہے تاہم پولیو فری اسٹیٹس حاصل کرنے کیلئے 3 سال تک پولیو فری رہنا پڑتا ہے۔ اللہ کرے ہم پولیو فری ملک کے طورپرسامنے آسکیں ۔ کابینہ نے عالمی پروگرام برائے خوراک ورلڈ فوڈ پروگرام کی درخواست پر سعودی عرب سے بھیجی جانے والی  شپمنٹ کی ریلیز کے حوالے سے امپورٹ پالیسی  آڈٹ کے قواعد میں ایک دفعہ رعایت دینے کی منظوری دی ہے۔ بڑے شہروں میں گھروں کے موجودہ کرایوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی ملازمین کو ریلیف فراہم کی غرض سے ایک سے 22 گریڈ کے ملازمین کے ہائوس رینٹ  میں 44 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے اکائونٹس برائے مالی سال 2020-2021ء کیلئے کے پی ایم تحصیل ہادی اینڈ کو کی خدمات  حاصل کرنے کی منظوری دی گئی ہے ازبکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ازبکستان کو بزنس ویزہ لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے ہم گوادر اور کراچی کو مزار شریف اور پھر تاشقند کے ساتھ ریل کے ذریعے  جوڑنا چاہتے ہیں اس حوالے سے  ازبک حکام سے بات چیت ہوئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو بلاک کرنے اور قابل اعتراض مواد کو فوری طورپر ہٹانے کے حوالے سے جو فیصلہ وفاقی کابینہ کو ریفر کیا تھا اس پرپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے پالیسی ڈائریکٹو دیا ہے جو عدالت کو دیا جائے گا۔ اس کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اگر سوشل میڈیا پر کوئی قابل اعتراض مواد آتا ہے تو اس کو ہٹانے کیلئے کارروائی کی جاسکے۔ سوشل میڈیا پر  غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے والوں کیخلاف قانون سازی بھی کررہے ہیں۔ ملک میں سینما فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے علاقائی ملکوں سے فلموں کو درآمد کرنے اورپھر سینمائوں میں دکھانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ہم سینمائوں کو فوری طورپر کھولنا چاہتے ہیں۔ کینیڈین، پنجابی، ایرانی اورترکی کی فلمیں درآمد کی جاسکیں گی تاکہ فلم انڈسٹری کو سہارا ملے حکومت سینمائوں کو مراعات دے رہی ہے۔ جموں کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کے بجٹ برائے مالی سال 2021-22 کے حجم190.383ملین روپے کو منظور کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں اے ڈی آر سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں فیملی بزنس ایشو کورٹ کے بجائے اے ڈی آر میں دئیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ناول آرل پولیو ویکسین ٹائپ ٹو کی پاکستان میں استعمال کی منظوری دی گئی ہے عاصم رئوف کو 3 ماہ کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی  تعینات کیا گیاہے۔ ساتویںمردم شماری میں پہلی بار ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ مردم شماری کو18 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ اس پر کچھ مزید تفصیلات درکار تھیں وزیراعظم نے اس پر ایک اسپیشل کمیٹی قائم کی ہے۔ یہ بات طے ہے کہ اگلا الیکشن نئی مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہونا ہے۔مردم شماری مکمل ہونے کے بعد نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔ الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات بھی کرانی پڑیں گی۔وفاقی کابینہ اور وزیراعظم نے وزارت  پارلیمانی امور سے کہا ہے کہ جن ممبران کا کنفلٹ آف انٹرس ہے ان کو کمیٹیوں میں شامل نہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر ان ممبران کو خود علیحدہ ہونے کا کہہ دیں اگر وہ علیحدہ نہیںہوتے تو پھر ہمیں قانون سازی کرنی پڑے گی۔ ایسے ممبران کو چاہیے وہ خود ہی علیحدہ ہو جائیں مفادات کے ٹکرائو سے متعلق قانون سازی لائیں گے ، پارلیمانی  امور کی وزارت مفادات سے ٹکرائو سے متعلق چیئرمین سینیٹ اور سپیکر کو خط لکھے گی۔ میڈیا کے سوالوں کاجواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ ووٹنگ مشین پر وہ لوگ اعتراض کررہے ہیں جو بالکل نابلد ہیں۔ انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہائبرڈ وار اور فیک نیوز ایک دوسرے سے باہم منسلک ہیں ۔ اراکین پارلیمنٹ کو ان کمیٹیوں میں شامل نہیں ہونا چاہیے جہاں مفادات کا ٹکرائو ہو ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کرکٹ سیریز منسوخ ہونے سے  بہت نقصان ہوا ہے صرف پی ٹی وی کو کروڑوں کا نقصان ہواہے۔ کرکٹ سیریز کی منسوخی پر قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم تیار ہے۔ کابینہ میں الیکشن کمیشن کے کردار پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن بلانے پر نہیں آتی اور نہ ہی تجاویز دیتی ہے۔ انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت ہے اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ان کی سیاست لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لئے ہے مہنگائی پر بڑی سنجیدہ گفتگو ہوتی رہتی ہے۔ اپوزیشن قومی ایشوز کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں۔ گیس میں خود کفیل ملک قطر سے بھی پاکستان میں گیس کی قیمتیں کم ہیں ۔ تنخواہ دار طبقے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہیںہوا دیگر شعبو ں میں آمدن بڑھی ہے۔ میڈیا مالکان سے گزارش ہے وہ میڈیا ورکروں کی تنخواہیں بڑھائیں ہم نے ابھی ابھی میڈیامالکان  کو80 کروڑ روپیہ دیا ہے۔

am-auz-mz

#/S