پشاور۔۔پشاورمیں ڈینگی بے قابو،ہسپتالوں پر مریضوں کا رش بڑھ گیا
اندرون شہری علاقے بھی ڈینگی کی لپیٹ میں آگئے،نواحی علاقوں میں صورتحال انتہائی خراب
پشاور(ویب نیوز) پشاورسمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں ڈینگی کے وار جاری ہیں اور لوگ بڑی تعداد ڈینگی وائرس سے متاثر ہو کر ہسپتالوں کا رخ کررہے ہیں ۔پشاورمیں ڈینگی بے قابو ہو گیا ہے جبکہ شہر کے نواحی علاقے ڈینگی سے بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں ڈینگی کے وار جاری ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ ڈینگی سے متاثر ہورہے ہیں جبکہ پشاور میں ڈینگی بے قابو ہو گیا ہے اور اندرون شہر لاہوری گیٹ ، یکہ توت ، گنج ، چونا بھٹی ، سبز پیر روڈ ، دلہ زاک روڈ ، سپلائی ڈپو سمیت بیشتر علاقے ڈینگی کی لپیٹ میں ہیں ۔اسی طرح نواحی علاقوں میں چمکنی ، ناصر پور ، لالہ کلے ،بدھائی ،رانو گڑھی ، ترناب میں بھی ایک ایک گھر میں ڈینگی کے چار چار مریض موجودہیں جبکہ اکبر پورہ میں ڈینگی نے بری طرح لوگوں کو متاثر کر رکھا ہے ۔خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں اس وقت 62 ڈینگی کے مریض زیر علاج ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق متاثرین میں 20 خواتین سمیت 42 مرد شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ڈینگی کے 13 مریضوں کو داخل کیا گیاہے ۔ 2 مریضوں کو صحت یابی کے بعد گھر روانہ کردیا گیا۔ زیادہ تر مریضوں کا تعلق تہکال، اکیڈمی ٹائون، سفید ڈھیری، دانش آباد، سربنداور ضلع خیبر وغیرہ سے ہیں ہے ۔انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 619 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 269 مثبت اور 350 منفی ٹیسٹ آئے ہیں ۔خیبرپختونخوا میں رواں سیزن میں مصدقہ ڈینگی کیسوں کی تعداد 3 ہزار 796 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق رواں سیزن میں مصدقہ ڈینگی کیس 3 ہزار 796 ہوگئے ہیں جن میں سے 2 ہزار 299 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اس وقت صوبے میں ڈینگی کے فعال کیسوں کی تعداد ایک ہزار 493 ہے جن میں 228 مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں62مریض داخل ہیں، نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال میں 5، لیڈی ریڈنگ ہسپتال 20، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 25، رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں ایک، پولیس سروسز ہسپتال میں 5، باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں 3، مردان میڈیکل کمپلیکس میں 26، مفتی محمود میموریل اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان میں 6، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں 15، شاہ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ میں 9 اور قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ میں 22 مریض زیر علاج ہیں۔
پنجاب بھر میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے459 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 335،راولپنڈی میں ڈینگی کے 64 مریض رپورٹ ہوئے اٹک میں 8، خانیوال 6، گجرات 5، فیصل آباد، مظفر گڑھ، اوکاڑہ اور ساہیوال سے ڈینگی کے 4،4 مریض سامنے آئے ہیں۔رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 6 ہزار 727 اور لاہور سے 4 ہزار 874 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ صوبے میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 19 ہوگئی ۔mk