سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان و دیگر کو توہین عدالت کا نوٹس، آج (منگل کو ) طلب
عدالت نے ہمیشہ اظہار رائے کی قدر کی ہے اور اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ
اسلام آباد( ویب نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے نواز شریف اور مریم نواز کی اپیلوں سے متعلق انکشافات پر سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم اور دیگر کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے آج (منگل کو ) طلب کرلیا،عدالت نے اٹارنی جنرل خالد جاوید اورایڈووکیٹ جنرل کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی نیب ریفرنسز فیصلوں پر نظر ثانی اپیلوں سے متعلق انکشافات کا نوٹس لے لیا ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کا نام آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیف ایڈیٹر دی نیوز میر شکیل الرحمان اور اخبا رکے صحافی، ایڈیٹرانصار عباسی کو بھی نوٹس جاری کرکے طلب کیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوران سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کو کمرہ عدالت طلب کرلیا ، انہوں نے صدر اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن ثاقب شیر سے استفسار کیا کہ اس عدالت نے ہمیشہ اظہار رائے کی قدر کی ہے اور اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے ، مجھے اس عدالت کے ہر جج پر فخر ہے، اگر اس عدالت کے غیر جانبدارانہ فیصلوں پر اگر اسی طرح انگلی اٹھائی گئی یہ اچھا نہیں ہے، یہ عدالت آپ سب سے توقع رکھتی ہے کہ لوگوں کا اعتماد اداروں پر بحال ہو،زیر سماعت کیسز پر اس قسم کی کوئی خبر نہیں ہونی چاہیے۔ اس عدالت کی آزادی کو کوئی مشکوک بنائے گا تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔عدالت نے تمام فریقین کو منگل کی صبح 10 بجے طلب کرلیا۔ ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور ایڈووکیٹ جنرل کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔