ن لیگ کا کورونا ریلیف فنڈ میں کرپشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ
ایک ماہ قبل وزیراعظم کووڈ ریلیف فنڈ پر آڈیٹر جنرل نے رپورٹ دی تھی، اس میں 40 ارب روپے کی خرد برد پائی گئی
حکومت نے اپنے ہی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ مسترد کی تھی اور اس رپورٹ کو آج تک پبلک نہیں کیا گیا،مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (ویب نیوز) مسلم لیگ ن نے کورونا ریلیف فنڈ میں کرپشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان مسلم لیگ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ قبل وزیراعظم کووڈ ریلیف فنڈ پر آڈیٹر جنرل نے رپورٹ دی تھی، اس میں 40 ارب روپے کی خرد برد پائی گئی، آڈیٹر جنرل کو حکومت نے کوئی ریکارڈ مہیا نہیں کیا تھا اور آڈیٹر جنرل نے خود تمام ریکارڈ اکٹھا کیا، جون 2020 تک کا ریکارڈ بتاتا ہے اس میں 40 ارب کی بے ضابطگیاں پائی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے ہی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ مسترد کی تھی اور اس رپورٹ کو آج تک پبلک نہیں کیا گیا، اب کل رپورٹ آئی ہے کہ خیبر پختو نخواکے کورونا فنڈ میں بھی کوئی ریکارڈ نہیں دیا گیا اور ایک ارب 38 کروڑ 80 روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے، 29 کروڑ 60 لاکھ روپے کی جعلی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے آئی ایم ایف کے حکم پر بنائی ہے، رپورٹ میں خیبرپختونخوا حکومت کے بارے میں بدعنوانی کا لفظ استعمال کیا گیا اور بتایا گیا کہ ٹھیکے ایسی کمپنیوں کو دیے گئے جو اہل نہیں تھیں اور جعلی دستاویزات دی تھیں، جبکہ کئی اخراجات کا ریکارڈ ہی نہیں، یہ 36 کروڑ 87 لاکھ روپے کس کی جیب میں گئے اسکا ریکارڈ ہی موجود نہیں، یہ پیسہ بنی گالہ کے کس تہ خانے سے نکلیں گے عوام جلد دیکھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ صحت کارڈ پر آج کل بہت اشتہارات ہیں اس پر کافی دیہاڑی لگی ، جب صحت کارڈ کا آڈٹ ہوگا تو وہاں بھی اسی طرح کی صورتحال ہوگی، یہ شہباز شریف پر زلزلہ کے فنڈ کھانے کا الزام لگاتے تھے، یہ جو فنڈ کھاتے ہیں اسکی آڈیٹر جنرل خود تصدیق کرتا ہے ، یہ جو پیسے کھا جائیں اسکا جواب نہیں دیتے ، یہ مدینہ کی ریاست کے دعویدار کے اعمال ہیں.