پشاور(این این آئی)
تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا میں طالبان پر مذاکرات سے انکار کا جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلا کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ طالبان حکومت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کے لئے ہر وقت تیار ہیں لیکن بات چیت کے لئے ماحول کو سازگار بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔میڈیا کو جاری کئے گئے تحریری پیغام میں طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ انکے پاس مولانا سمیع الحق کے قاصد سمیت جتنے امن کے خواہاں آئے ان سب کو طالبان نے مثبت جواب دیا ہے۔جبکہ دوسری جانب حکومت کی جانب سے صرف میڈیا پر بیان بازی ہورہی ہے جس کا مقصد پاکستانی عوام کو مغالطے میں ڈال کر انہیں گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ڈالروں کے حصول کے لئے امریکی خواہش پرقبائلی عوام پرایک اور جنگ مسلط کرنا چاہتی ہے حالانکہ طالبان نے ہر بار پوری ذمہ داری کے ساتھ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی بات کی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔