کسی رہائشی کو ہسپتال جانا ہو گا تو کیسے جائے گا،عدالت
ڈپٹی کمشنر نے ازخود روڈ بند کردیا،ایڈووکیٹ عرفان عزیز
عدالت نے مشاورت کے حوالے سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی
کراچی (ویب ڈیسک)
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے برنس روڈ پر فوڈ سٹریٹ پر سڑکوں کی بندش پربرہمی کا اظہار کیا ہے ۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے کراچی کے برنس روڈ پر فوڈ سٹریٹ پر سڑکوں کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے فوڈ سٹریٹ پر سڑکوں کی بندش پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی رہائشی کو ہسپتال جانا ہو گا تو کیسے جائے گا۔ ایڈووکیٹ عرفان عزیز نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے ازخود روڈ بند کردیا۔ اس پرجسٹس حسن اظہر رضوی کا کہنا تھا کہ ایسا توفوجی حکومتیں بھی نہیں کرتیں کہ ازخود روڈ بند دیئے جائیں ۔نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے پہلے کیوں مقامی افراد کو نہیں سنا گیا؟عدالت نے کہا کہ اہل علاقہ کی مشاورت کے بعد روڈ بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی یا خود ہی نوٹس لے کر علاقہ کو بند کردیا جاتا ہے، رات کے اوقات میں جب سڑکیں بند ہوتی ہیں اور لوگوں کوہسپتال جانا پڑتا ہے توان کو کتنی مشکلات ہوں گی کیا اس کا جائزہ لیا گیا، چھوٹی، چھوٹی گلیاں ہیں اور سڑکیں بند کردی جاتی ہیں ، چھوٹی ، چھوٹی گلیوں میں گزرنا مشکل ہے۔نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے پہلے مقامی افراد کو کیوں نہیں سنا گیا؟وہاں تو رات تین بجے تک ہوٹل کھلے ہوتے ہیں، اہل علاقہ کیا کریں گے؟ عدالت نے کہا کہ پہلے معلوم کیا جائے ورنہ پھر ہم ڈپٹی کمشنر سائوتھ کو طلب کریں گے ۔ عدالت نے مشاورت کے حوالہ سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔