موبائل فون، سوشل میڈیا کے ضرورت سے زیادہ استعمال کے خلاف آگاہی سیمینار کا انعقاد
لاہور (ویب نیوز) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں نوجوانوں کی جانب سے موبائل فون اور سوشل میڈیا کے بے انتہا استعمال کے خلاف آگاہی سیمینار کا انعقاد۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے سیمینار”ڈیجیٹل میڈیا; ایک مثبت نقطہ نظر” کی صدارت کی جبکہ ممتاز موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر قاسم علی شاہ نے کہا کہ موبائل فون اور سوشل میڈیا کا ایک حد سے زیادہ استعمال روزمرہ کے کام کے معمولات، پیداواری صلاحیت، جسمانی صحت اور سماجی تعلقات پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو طلباء کو سوشل میڈیا کے درست استعمال اور سائبر قوانین کے بارے میں بھی تعلیم دینی چاہیے۔ قاسم شاہ نے کہا کہ ہر سال موبائل فون کی بجائے ہمیں سوچ کو اپ گریڈ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان آلات کا کوئی مطلب نہیں، آپ کی اصل طاقت آپ کا مضبوط کردار اور مثبت سوچ ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر زیدی نے طلباء سے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کیونکہ انہوں نے ملک کی اعلیٰ یونیورسٹی میں داخلہ ملا، اس لیے انہیں اپنے طویل مدتی اہداف پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ موبائل فون اور سوشل میڈیا کا درست استعمال کریں۔ سیمینار کا اہتمام جی سی یو کی ینگ جرنلسٹس سوسائٹی نے کیا تھا