وزیرِ اعظم کی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایات
ملکی معاشی ترقی کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے ،عمران خان
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ملک میں صنعتی شعبے کی ترقی پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا،اجلاس کو صنعتی شعبے کی موجودہ استعداد اور ترقی کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں کرونا وبا کے باوجود صنعتی شعبے نے خاطر خواہ ترقی کی جس کی سب سے بڑی دلیل ٹیکسٹائل انڈسٹری کا اپنی مکمل استعداد پر کام کرنا ہے. تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی پیکیج کی بدولت ملک میں نہ صرف اقتصادی بہتری آئی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے میں مدد ملی.اجلاس کو بتایا گیا کہ مینیوفیکچرنگ سیکٹر اس وقت جی ڈی پی کا 12.79فیصد ہے جبکہ حکومت اسے بڑھا کر 25فیصد کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے. مینیوفیکچرنگ سیکٹر کی ترقی سے ملک میں روزگار کی فراہمی اور مجموعی طور پر ملکی معاشی حالت کو بہتر کرنے میں معاونت حاصل ہوگی. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حکومت نے صنعتوں کی موجودہ استعداد کو بڑھانے، سِک یونٹس کو فعال کرنے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پلانٹ اور مشینری میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کیا ہے، جس پر عملدرآمد ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے. اسکے علاوہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کی ترقی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں.وزیرِ اعظم نے صنعتوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں انہوں نے کہاکہ ملکی معاشی ترقی کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے ،حکومت ملکی صنعتی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،عمران خان نے کہاکہ چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کیلئے ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایم ای پالیسی کا اجرا کیا گیا،وزیرِ اعظم نے کہاکہ کرونا وبا کے دوران حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلتا رہا،اجلاس میں وفاقی وزرا شوکت فیاض ترین، اسد عمر، خسرو بختیار، حماد اظہر، گرورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔۔