اسلا م آباد( ویب نیوز)
حکومتی اقدامات مہنگائی کو کنٹرول نہ کرسکے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مسلسل تیسرے ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔رواں ہفتے 19 اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی مجموعی شرح 15 اعشاریہ 23 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 25روپے95پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 279 روپے 55 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 217 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد گھریلو سیلنڈر کی قیمت 2306 روپے سے بڑھ کر 2523 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ایک ہفتے کے دوران گھی کے پیکٹ کی قیمت میں 16 روپے 71 پیسے کا اضافہ ہوا۔ رواں ہفتے ڈھائی کلو گھی کا ٹن 38 روپے 56 پیسے مہنگا ہوا۔رواں ہفتے مسٹرڈ آئل کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 33 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ بچوں کا خشک دودھ 5 روپے 69 پیسے مہنگا ہوگیا۔رواں ہفتے گرم مصالحہ ،دہی ،چائے کی پتی، مٹن اور تازہ دودھ بھی مہنگاہوا۔رواں ہفتے کے دوران 13 اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ٹماٹروں کی فی کلو قیمت میں 37 روپے 28 پیسے اور انڈوں کی فی درجن قیمت میں 10 روپے 71 پیسے کی کمی ہوئی۔ رواں ہفتے لہسن،دالوں،چینی ، پیاز اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔رواں ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 10 روپے کی کمی واقع ہوئی جبکہ چاول ،جلانے کی لکڑی،ماچس سمیت 19 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔