صدر آئی سی سی آئی کی وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت میں بطور اعزازی بزنس ایڈوائزر تعیناتی
ورکنگ خواتین کو بہتر تحفظ فراہم ہونے سے پیداوار اور خوشحالی بڑھے گی۔ کشمالہ خان
نجی شعبے میں خواتین کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔ محمد شکیل منیر

اسلام آباد (ویب نیوز )

وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل کو اپنے ادارے میں بطور اعزازی بزنس ایڈوائزر تعینات کر دیا تاکہ وہ ان کے ادارے کو نجی شعبے میں کام کرنے والی خواتین کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے ضروری مشاورت فراہم کریں اور پاکستان بھر کے چمبروں کے تعاون سے نجی شعبے میں ہراساں کرنے کے کیسوں کا تدارک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اپنے ادارے میں منعقدہ ایک تقریب میں محمد شکیل منیر کو تعیناتی لیٹر پیش کیا۔ آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد فہیم خان، چیئرمین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک، چیمبر کے سابق صدور میاں اکرم فرید، طارق صادق، ظفر بختاوری اور باصر داؤد کے ساتھ ساتھ ملک سہیل حسین، محترمہ ناصرہ علی، محترمہ نیلم خالد چوہدری، محترمہ زہرہ ویلیانی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشمالہ خان نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے صدر کو ان کے ادارے کا اعزازی بزنس ایڈوائزر تعینات کرنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ ان کے ادارے کو نجی شعبے میں کام کرنے والی خواتین کو بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے ضروری مشاورت فراہم کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والی خواتین کو بہتر تحفظ فراہم ہونے سے اداروں کی پیداوار بہتر ہو گی اور خواتین کی ذاتی زندگی بھی خوشحالی ہو گی۔ انہوں نے سرکاری و نجی اداروں پر زور دیا کہ وہ خواتین کو کام کی جگہوں پر مکمل طور پر محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ وہ قومی پیداوار کو بہتر کرنے کیلئے خواتین کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری اور نجی اداروں میں ہراساں کرنے کے معاملات سے نمٹنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دینا لازمی ہے اور خبردار کیا کہ عدم تعمیل کرنے والے اداروں کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر کے صدر ان کے ادارے کے بطور اعزازی بزنس ایڈوائزر نجی شعبے میں خواتین کی بہتری کیلئے فعال کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت میں اعزازی بزنس ایڈوائزر تعینات کرنے پر کشمالہ خان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس کردار کو بخوبی نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے اور ملک بھر کے چیمبروں کے تعاون سے نجی شعبے میں ہراساں کرنے کے کیسوں کا تدارک کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری کل آبادی کا تقریباً نصف ہیں لیکن ان میں سے تقریبا پچیس فیصد فارمل سیکٹر میں کام کر رہی ہیں جس وجہ سے ہمار ملک ابھی تک اپنی مکمل اقتصادی صلاحیت کے مطابق ترقی کرنے سے قاصر رہا ہے۔ لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زیادہ تعداد میں خواتین کو قومی دھارے میں لانے کیلئے مزید سازگار پالیسیاں تشکیل دینے پر توجہ دی جائے اور ان پالیسیوں پر پوری طرح عمل درآمد کرایا جائے تاکہ خواتین آگے بڑھ کر ملک کی معاشی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی نجی شعبے میں خواتین کو محفوظ اور پر امن ماحول فراہم کرنے کیلئے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے انسداد ہراسیت کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا تا کہ خواتین بہتر اعتماد کے ساتھ کام کر سکیں اور اپنی پیداواری صلاحیت کو بہتر کر کے نجی شعبے کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔