اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد حکومتی اتحادیوں نے مشترکہ لائحہ عمل کے لیے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آج بدھ کو تمام اتحادیوں کی مشترکہ بیٹھک کا امکان ہے۔پاکستان مسلم لیگ ق کی قیادت سے بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) کے وفد نے ملاقات کی، یہ ملاقات چودھری برادران کی رہائشگاہ پر ہوئی،باپ کے وفد نے چودھری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی سے ملاقات کی۔ملاقات میں چودھری طارق بشیر چیمہ، مونس الہی، رکن قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الہی، بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد میں خالد مگسی، محمد اسرار ترین ، احسن اللہ ریکی، زبیدہ جلال، روبینہ عرفان شامل تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، اتحاد، باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اور دیگر جماعتوں سے رابطوں پر اعتماد میں لیا، مسلم لیگ ق نے بھی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ دونوں جماعتوں کی قیادت کی آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت کی۔ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ق کے رہنماوں کی ملاقات ختم ہونے کے بعد دونوں جماعتوں نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ مزید مشاورت جاری رکھی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے مشاورت میں دیگر اتحادی جماعتوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بدھ کی تمام اتحادیوں کی مشترکہ بیٹھک کا امکان ہے، اتحادییوں نے مزید مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگلے دو روز تک حتمی نتیجے پر پہنچنے کا امکان ہے۔ملاقات کے دوران بی اے پی کے خالد مگسی کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت کا جلسے منسوخ کرنے کی گزارش کرنا خوش آئندہے، آپ نے بروقت مداخلت کرکے مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی۔