2017کی مردم شماری پر حلقہ بندیاں اہل کراچی سے نا انصافی اور حق تلفی ہو گی ،حافظ نعیم الرحمن
نواز لیگ کے دور میں ہونے والی مردم شماری میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کردیا گیا ،عوامی دعوت افطار سے خطاب
ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے مل کرجعلی مردم شماری کی منظوری دی اور کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر کے مزید ظلم کا راستہ ہموار کیا
کراچی(ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نواز لیگ کے دور حکومت اور 2017میں ہونے والی مردم شماری میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کردیا گیا تھا ،الیکشن کمیشن کا اسی جعلی اور کراچی دشمن مردم شماری کی بنیاد پر آئندہ انتخابات کے لیے حلقہ بندیاں کرنا کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے ساتھ ناانصافی اور حق تلفی ہوگی ،قومی و صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی اور وسائل کی تقسیم آبادی کی بنیاد پر ہی ہوتی ہے ۔جب کراچی کی نصف آبادی کو شمار ہی نہ کیا جائے گا تو کراچی کا اس کا جائز اور قانونی حق کس طرح مل سکتا ہے ۔ خیر ،نیکی اور بھلائی کا سب سے بڑاکام یہ ہے کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام اور قرآن کی حکمرانی قائم کی جائے ، عدل و انصاب قائم کیا جائے ،یہ ملک اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمت ہے ، شریعت کا نظام نافذ کرنے سے ہی مسائل حل ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ضلع ائیر پورٹ کے تحت رفاہ عام شاہ فیصل کالونی میں عوامی دعوت وافطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دعوت افطارسے امیر ضلع ایئرپورٹ توفیق الدین صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری ہے ، ہم نے اہل کراچی کی حقیقی ترجمانی کی ہے ،کراچی کا مقدمہ لڑا ہے ، تینوں حکمران پارٹیوں ،پیپلزپارٹی ، پی ٹی آئی اور ایم ایم کیو ایم نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔جو جماعت بھی آئی اس نے کراچی کو ہمیشہ نظر انداز کیا ۔ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے مل کر 2017کی جعلی مردم شماری کی منظوری دی اور کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر کے کراچی کی حق تلفی اور مزید ظلم کا راستہ ہموار کیا ۔کراچی سے ووٹ لینے والوں نے کراچی کے لیے عملا ًکچھ نہیں کیا،عوامی مینڈیٹ کا سودا کیا گیا اور ایک بار پھر اہل کراچی کو دھوکہ اور فریب دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اہل سیاست نے ہی سیاست کو بد نام کر دیا ہے ، گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پوری قوم کو میوزیکل چیئر کے گیم اورسیاسی کھیل تماشے میں لگا رکھا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے اقتدار کی ہی فکر کی ہے ، حکومتیں اور حکمران پارٹیاں تو بدلتی رہتی ہیں لیکن مجبور اور مظلوم عوام کے حالات نہیں بدلتے ، کراچی کی صورتحال ہم سب کے سامنے ہے ، حکومت بدلتی رہی ہیں لیکن عوام کے مسائل حل ہونے کا نام نہیں لے رہے ، پانی کا مسئلہ بدستور موجود ہے ، سخت گرمی اور رمضان المبارک میں بھی عوام کوپانی مسیر نہیں ہے ،14سال ہو گئے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے پانی کا کوئی بندوبست نہیں کیا ، کراچی کا مینڈیٹ لینے والوں نے جعلی مردم شماری منظور کی ، اس مردم شماری پر الیکشن ہوں گے تو کراچی کووسائل کم ملیں کراچی کی سیٹیں کم ہوںگی ۔ اہل کراچی کو اپنے حق کے لیے اُٹھنا پڑے گا ، جماعت اسلامی کی حقوق کراچی کی تحریک اہل کراچی کے حقوق کی تحریک ہے۔توفیق الدین صدیقی نے کہا کہ ماہ رمضان کی ساعتیں اس بات کی خوشخبری ہیں کہ ہم اپنے آپ کو جہنم کی ہولناکیوں سے بچا سکیں۔ ماہ رمضان بارش کی طرح ہے جو اپنی رحمتیں لے کر ہم پر برستا ہے۔ ماہ رمضان انفرادی عبادت اور اجتماعی جدوجہد کا درس دیتا ہے، ماہ مبارک میں توبہ و استغفار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اپنے رب اور قرآن سے تعلق کو مضبوط بنائیں ۔#