اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان میں اس سال 32 ہزار 453 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود اور وفاقی وزیر ہاوسنگ مولانا عبدالواسع نے اتوار کو حج قرعہ اندازی کی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور حج درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی کی۔وفاقی وزیر مذہبی امور دورہ سعودی عرب کی وجہ سے قرعہ اندازی میں شریک نہ ہوسکے۔حج 2022 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت وزارت مذہبی امور کو مجموعی طورپر آن لائن اور منتخب بینکوں کے ذریعے کل 63 ہزار،604 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جس میں سے 40 فیصد سرکاری حج اسکیم یعنی 32 ہزار،453 کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔: وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی کوٹے پر 31253 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جب کہ کل 63 ہزار 604 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔وفاقی وزیر برائے مواصلات نے کہا کہ ہمیں 86 ہزار عازمین حج کوٹہ ملا تھا، 40 فیصد کے مطابق 32 ہزار افراد کی بیلٹنگ کی جارہی ہے، کامیاب امیدواروں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جائے گا۔امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے کہا کہ وزیر اعظم نے حج اخراجات قابل برداشت رکھنے کیلئے یقین دہانی کرائی، سعودی عرب کے حج اخراجات کیاعلان کے بعد حتمی حج پیکج کا اعلان ہوگا، پچھلے سال حج کی صرف مقامی طور پر اجازت تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 65 سال سے زائدعمر کیافراد حج پر نہیں جاسکیں گے، حج ڈائریکٹریٹ سعودی حکام سے رابطے میں ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب میں ہیں۔وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ حج اخراجات زیادہ ہونے کی وجہ سے بھی کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں، حج پالیسی مرتب کرنے کیلئے ہمیں انتہائی کم وقت ملا، سرکاری سطح پرایک ہزارافراد کا خصوصی کوٹہ الگ رکھا گیا ہے، عازمین حج کے لیے اپنا ذاتی اسمارٹ فون لے جانا لازمی ہے۔