پنجاب کی وزارت اعلی کا الیکشن کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر
سماعت جمعہ کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کریں گے
لاہور (ویب نیوز)
وزیراعلی حمزہ شہباز کی وزارت اعلی کا الیکشن کالعدم قرار دینے کے لیے لاہور ہایکورٹ میں درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سبطین خان سمیت پانچ اراکین کی جانب سے وزارت اعلی کا الیکشن کالعدم قرار دینے کے لیے لاہور ہایکورٹ میں درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے، کیس کی سماعت جمعہ کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کریں گے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کے روز پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکین اسمبلی کو حمزہ شہباز کی ایما پر اسمبلی سے نکال دیا گیا تھا جبکہ پولیس نے ہمارے ووٹرز کو حق راے دہی سے زبردستی روکا۔متن میں لکھا گیا ہے کہ قانون کے مطابق سیشن میں پر ائیویٹ شخص کے آنے پر پابندی ہے پولیس کیسے داخل ہوئی، سیکرٹری اسمبلی نے پرائیویٹ لوگوں کے داخلہ روکا مگر ڈپٹی سیکرٹری نے 300 سے زائد افراد کو بلایا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ احمد سلیم بریار نے ووٹ نہیں ڈالا مگر اس کا نام ووٹ ڈالنے والوں کی فہرست میں ہے، اس لیے عدالت حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دے۔