سری نگر، بارہمولہ، اسلام آباد، کولگام، جموں، ادھم پور اور کٹھوعہ میں کارروائی
سری نگر (ویب نیوز)
بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر بھر میں محاصرے چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران37سے زیادہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ بھارتی فورسز نے دو روز میں سری نگر، بارہمولہ، اسلام آباد، کولگام، جموں، رامبن، ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع میں کئی مقامات پر چھاپے مارے، گھر گھر تلاشی لی ۔ اس دوران خواتین کو ہراساں کیا گیا اور گرفتاریوں عمل میں لائی گئی ہیں ، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جاری جدوجہد سے وابستہ ہونے پر شہریوں کے خلاف کارروائی جاری ہے پولیس نے ایسے لوگوں کی رہائش گاہوں اور کام کی جگہوں پر چھاپے مارے ہیں ۔انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر، وجے کمار نے ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ شوپیان کے پتو ہالن علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں 15افراد کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار ہونے والوں میں شوکت احمد شیخ ولد عبدالاحد شیخ اورپرویز احمد لون ولد نذیر احمد لون ساکنان سیدھو شامل ہیں پولیس نے سرینگر، بارہمولہ، اننت ناگ، کولگام ، جموں، رام بن، ادھم پور، کٹھوعہ سمیت کئی مقامات پر چھاپوں کے دوران ایک درجن سے زیادہ لوگوں کو حراست میں لیا ہے
مقبوضہ کشمیر میں پچھلے پانچ مہینوں میں کریک ڈاون میں 250افرادگرفتارکرلیے گئے
پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام قانون کے تحت بھارتی جیلوں میں ہیں
بھارتی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پچھلے پانچ مہینوںمیں کریک ڈاون میں گرفتار250 افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام قانون کے تحت بھارتی جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے ۔ بھارتی اخبار اکنامک ٹائمز کے مطابق عسکریت پسندی کے الزام میں مئی 2021 تک 150 سے زیادہ افراد کو پکڑا گیا تھا جبکہ 2022 کے پانچ مہینوں میں گرفتار ہونے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا، ان میں سے 50 صرف مئی میں گرفتار ہوئے۔ 2020 میںعسکریت پسندی کے الزام میںان گراونڈ ورکر قرار دے کر 135 کو گرفتار کیا گیا۔