اسلام آباد (ویب نیوز)
کورونا کے وار تیز ہونے لگے ،ملک بھر میں مزید4افراد جاں بحق ہوگئے،گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 818نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ جاری ہے، قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح بڑھ کر 4.47فیصد تک پہنچ گئی ۔گزشتہ روز کورونا سے 4 افراد انتقال کر گئے، ملک بھر میں کورونا کے 18 ہزار 305 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 818 ٹیسٹ مثبت آئے۔ملک میں کورونا کے 126 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔کورونا کے تیزی سے پھیلائو کے سبب حکومت سندھ نے صوبے میں کووڈ کی گائیڈ لائن پر عمل درآمد کرانے کے احکامات جاری کر دیئے ۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں 6 فٹ کا سماجی فاصلہ رکھنے اور ہاتھوں کو بار بار دھونے، سینٹائز کرنے، ہاتھ ملانے اور رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کرنے کے احکامات شامل ہیں۔کووڈ ایس او پیز میں کورونا ویکسین اور بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدایت بھی کی گئی ۔