پنجاب میں دوبارہ حکومت عمران خان کے بیانیہ کی فتح ہے، پرویزالٰہی
صحت کارڈ، احساس پروگرام اور دیگر عوامی منصوبے تیزی سے آگے بڑھیں گے
وزیراعلیٰ پنجاب کی سابق سپیکر اسدقیصر ،ایوب آفریدی سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(ویب نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی دوبارہ حکومت عمران خان کے بیانیہ کی فتح ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی، ایوب آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر اور ایوب آفریدی نے چو ہدری پرویزالٰہی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ وطن کی محبت اور اداروں کی بالادستی پر مبنی ہے، عمران خان نے ہر پاکستانی کو آزاد قوم کا شعور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک بار پھر تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ڈیلیور کرے گی۔ صحت کارڈ، احساس پروگرام اور دیگر عوامی منصوبے تیزی سے آگے بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف کی دوبارہ حکومت عمران خان کے بیانیہ کی فتح ہے ۔ اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ آپ کی بہترین گورننس سے عوام کے مسائل حل ہونگے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی سے ملاقات کی ۔ سردار عثمان بزدار کی وزیر اعلیٰ آفس آمد ہوئی جہاں ان کی وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی، سردار عثمان بزدار نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں صوبہ پنجاب کی مجموعی انتظامی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں قدم بہ قدم آپکے ساتھ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعلیٰ آفس آمد پر انہیں پنجاب پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔وزیر اعلی ہاوس آمد پر وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اس دوران انھوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، اراکین پنجاب اسمبلی راجہ بشارت، حافظ ممتاز احمد، رفاقت گیلانی، علی عباس شاہ، عمر فاروق، محمد رضوان اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ ہائوس آمد پر پرویز الٰہی نے وزیراعلی آفس کے سٹاف سے ملاقات کی اور انھیں جانفشانی سے سرکاری فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ اس دوران وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی نے دعائے خیر کرائی جبکہ اراکین اسمبلی نے وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر پرویز الٰہی کو مبارکباد دی۔