بھارت نے 1 لاکھ 95 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا چناب میں چھوڑ دیا

بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر کے بغیر اطلاع کے سیلابی ریلا چناب میں چھوڑا

مرالہ بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کے باعث خطرے کے الارم بج گئے،خانکی اور قادر آباد بیراجوں پر بھی ہائی الرٹ

اسلام آباد(ویب  نیوز)

بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اطلاع کے 1 لاکھ 95 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا چناب میں چھوڑ دیا۔ ذرائع وزارت آبی وسائل کے مطابق بھارت نے پیشگی اطلاع کے 1989 کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر بتائے 1 لاکھ 95 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا چناب میں چھوڑ دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پہلے 75ہزار کیوسک چھوڑنے پر بھارت کی جانب سے پاکستان کو اطلاع دے دی جاتی تھی، تاہم بھارت نے ایک بار پھر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 2 لاکھ کے قریب کیوسک کا سیلابی ریلا چھوڑا اور پاکستان کے بار بار رابطے کے باوجود بھارتی سندھ طاس کمیشن نے سرد مہری کا مظاہرہ کیا۔ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے سیلابی ریلے کے باعث مرالہ بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کی وجہ سے  خطرے کے الارم بج گئے۔ خانکی اور قادر آباد بیراجوں پر بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ذرائع پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے سیلابی ریلے کے بعد اب ایک لاکھ 95 ہزار کیوسک پانی مرالہ پہنچ چکا ہے اور اگر مرالہ پر 2 لاکھ کیوسک کا ریلا ہو تو پانی سیالکوٹ کے دیہاتوں میں داخل ہوجاتا ہے۔