ای سی سی نے روس سے گندم خریداری کا ٹینڈر منسوخ کر دیا
روس کی طرف سے زیادہ قیمت کے مطالبے پر گندم خریداری کا ٹینڈر منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں،اعلامیہ
اسلام آباد(ویب نیوز)
اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)کے اجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے روس کی طرف سے زیادہ قیمت کے مطالبے پر گندم خریداری کا ٹینڈر منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں روس سے حکومتی سطح پر گندم کی خریداری کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے گندم خریداری کے حوالے سے طارق فاطمی کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے بھی اجلاس کو بریفنگ دی۔ اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے روس سے 390 ڈالر فی میٹرک ٹن گندم خریدنے کی تجویز دی، تاہم روس نے پاکستان کو 410 ڈالر فی میٹرک ٹن گندم دینے کی پیش کش کی جس پر روس کی جانب سے زیادہ قیمت کے مطالبے کی صورت میں ٹینڈر منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔