ریٹرننگ افسر نے کراچی میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی روک لئے
عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی مووومنٹ پاکستان کی جانب اعتراضات جمع کروائے تھے
کراچی ( ویب نیوز)
ریٹرننگ افسر نے کراچی میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے حوالہ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی روک لئے۔ عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی مووومنٹ پاکستان کی جانب اعتراضات جمع کروائے تھے۔ کراچی کے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 237ملیردو اور این اے 246کراچی سائوتھ ون میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔ این اے 237پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں سردار نبیل گبول اور جاوید ناگوری کی جانب سے اعتراض جمع کروایا گیا ہے۔ اعتراض میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کا کیس چل رہا ہے اور الیکشن کمیشن نے عمران خان کو اس کا ذمہ دار ٹھرایا ہے، اس لئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔ اعتراجات پر ریٹرنگ افسر نے کہا ہے کہ یا تو عمران خان خود یا ان کے وکلاء آج ہی شام چار بجے پیش ہو کر اعتراضات دور کریں۔ جبکہ این اے 246پر ایم کو ایم پاکستان کے امیدوار طیب ہاشمی نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کیا تھا۔ اعتراض میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کا ریفرنس بھی دائر کیا گیا ہے اور وہ صادق اور امین نہیں اوران کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی فیصلہ د یا ہے اس لئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔ریٹرننگ افسر فریقین کے دلائل سننے کے بعد کاغذات نامزدگی منظور کرنے یا مسترد کرنے کے حوالہ سے فیصلہ کریں گے۔