الیکشن کمیشن کو بلوچستان سے قومی اسمبلی کے 7 حلقوں کے نتائج ابھی تک نہیں مل سکے
بلوچستان سے این اے،251، 252، 253، 254،258،260،266 کے نتائج کا انتظار
قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر مختلف پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد(ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 میں قومی اسمبلی کے 265 میں سے256 حلقوں کے نتائج جاری کر دیئے ہیں جن کے مطابق آزادامیدوار 100 نشستوں کے ساتھ سرفہرست رہے،مسلم لیگ ن )73 اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز 54 نشستوں کے ساتھ نمایاں رہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ہفتہ کی شام تک جاری کئے گئے نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ نے 17 نشستیں ،پاکستان مسلم لیگ،جمیعت علما اسلام پاکستان3،3، استحکام پاکستان پارٹی 2،بلوچستان نیشنل پارٹی 2،مجلس وحدت مسلمین اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی۔این اے 88 میں 26 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوگی جس کی وجہ سے اس کا نتیجہ روک دیا گیا ہے۔ حلقہ این اے 8 میں امیدوار کی وفات کی وجہ سے انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے ا۔این اے 62 گجرات ، بلوچستان سے این اے 251،این اے 252،این اے 253،این اے 254،این اے 258،این اے 260 اور این اے 266 کے نتائج ابھی موصول ہونا باقی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر مختلف پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، پولنگ 15 فروری کو ہوگی ۔ہفتہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔88 خوشاب۔2، سندھ اسمبلی پی ایس۔18 گھوٹکی۔1 اور پی کے 90 کوہاٹ۔1 خیبر پختونخوا کے بعض پولنگ سٹیشنوں میں پولنگ میٹریل کے چھینے جانے یا ضائع کیے جانے کے باعث متعلقہ پولنگ سٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے اور ان حلقوں کے نتائج کا اعلان 15 فروری کو پولنگ کی تکمیل کے بعد ہو گا۔ترجمان نے بتایا کہ کمیشن نے این اے 88 خوشاب 2 کے انتخابی حلقہ میں 26 پولنگ سٹیشنوں کے پولنگ میٹریل کو ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں ہجوم کے ہاتھوں جلائے جانے کے باعث ان 26 پولنگ سٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔اسی طرح کمیشن نے پی ایس۔18 گھوٹکی۔1 سندھ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں دو پولنگ سٹیشنوں کا پولنگ میٹریل چھینے جانے کے باعث ان دونوں پولنگ سٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے۔ایک اور واقعہ میں کمیشن نے پی کے 90 کوہاٹ۔1 خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 15پولنگ سٹیشنوں کا پولنگ مواد تباہ کیے جانے پر ان 25 پولنگ سٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔کمیشن نے این اے242 کراچی کے ایک پولنگ سٹیشن پر توڑ پھوڑ کے واقعہ کی شکایت ملنے پر ریجنل الیکشن کمشنر کو واقعہ کی تحقیقات کر کے تین دن کے اندر کمیشن کو تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔